ایمزٹی وی(بزنس)حکومت کی جانب سے گزشتہ 2مالی سال کے دوران مقامی ذرائع سے حاصل شدہ قرضوں کی مالیت میں 25فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گزشتہ روز جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مقامی ذرائع سے حاصل کردہ قرضوں اور واجبات کی مالیت جون 2014کے اختتام پر 11ہزار 176ارب روپے تھی جو جون 2016تک بڑھ کر 14ہزار 2ارب روپے کی سطح تک بڑھ چکی ہے۔
مالی سال 2013-14سے مالی سال 2014-15کے دوران مقامی ذرائع سے حاصل شدہ قرضوں اور واجبات کی مالیت میں 1ہزار 374 ارب روپے جبکہ مالی سال 2014-15سے مالی سال 2015-16کے دوران 1ہزار 470 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہیم اس طرح 2 سال کے دوران مقامی ذرائع سے حاصل شدہ قرضوں کی مالیت میں 2ہزار 844ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2014-15کے دوران حکومت نے 927ارب روپے کے مستقل قرضے حاصل کیے جس کے بعد حکومت کے ذمے مقامی ذرائع سے حاصل کردہ مستقل قرضوں کی مالیت 5ہزار 936 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے، حکومت نے گزشتہ مالی سال کے دوران 803ارب روپے کے قرضے بانڈز کے اجرا سے حاصل کیے جن میں 3 سال کی مدت کے لیے 37.5ارب روپے کے اجارہ سکوک اور 766ارب روپے کے پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز شامل ہیں۔
وفاقی حکومت نے مالی سال 2014-15کے دوران پرائز بانڈز کے ذریعے 124ارب روپے کے قرضے حاصل کیے جس کے بعد پرائز بانڈز کے ذریعے حاصل کردہ قرضوں کی مجموعی مالیت 646.4 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے، سال 2014-15کے دوران حکومت کے غیرمستقل (فلوٹنگ) قرضوں میں 392ارب روپے کا اضافہ ہوا، فلوٹنگ قرضوں کی مالیت 5ہزار ارب روپے سے تجاوز کرچکی ہے، وفاقی حکومت نے گزشتہ مالی سال کے دوران مارکیٹ ٹریژری بلز کے ذریعے 622.5ارب روپے کے قرضے حاصل کیے جس کے بعد ٹریژری بلز کے ذریعے حاصل کردہ قرضوں کی مجموعی مالیت بھی 2ہزار 771ارب روپے تک پہنچ گئی ہے، وفاقی حکومت نے گزشتہ مالی سال کے دوران بچت اسکیموں، پوسٹل لائف انشورنس اور جی پی فنڈ کے ذریعے بھی ان فنڈڈ قرضوں کی مد میں 110ارب روپے سے زائد کے قرضے حاصل کیے جس سے ان فنڈڈ قرضوں کی مالیت 2ہزار 680ارب روپے تک پہنچ گئی۔