جمعہ, 22 نومبر 2024


سندھ میں گنے کی قیمت کا نیا نوٹیفکیشن کاشتکاروں سے زیادتی ہے، سکندربوسن

ایمزٹی وی (تجارت) (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے تحفظ خوراک سکندر حیات بوسن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کا سال 2014-15ء کے لئے گنے کی قیمت کا نیا نوٹیفکیشن کاشتکاروں کے ساتھ صریحاً زیادتی ہے جن سے کسانوں کے معاشی مسائل میں اضافہ ہو گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سال 2014-15ء کے لئے گنے کی قیمتیں حکومت پنجاب نے 180روپے فی چالیس کلوگرام جبکہ حکومت سندھ نے 182روپے فی چالیس کلوگرام مقرر کی تھیں، مگر حکومت سندھ کا گنے کی قیمت 155روپے فی چالیس کلو گرام کا تقرر غیر منصفانہ اور زیادتی ہے اور میں سمجھتا ہوں کاشتکار برادری کو یکسر نظرانداز کر کے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ حکومت سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ گنے کی قیمتوں کا پرانا نوٹیفکیشن فوری طور پر بحال کیا جائے۔ سکندربوسن نے کہا کہ آج 6 دسمبر کی تاریخ ہو چکی ہے مگر شوگر ملز نے ابھی تک کرشنگ کا عمل شروع نہیں کیا جو کہ زیادتی ہے اور ایسے تاخیری حربوں سے کسانوں کی مشکلات میں اضافہ اور انکی معاوضے کی ادائیگی میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑے گا جو کہ غیر مناسب ہے۔ وفاقی وزیر نے انتباہ کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ برآمدات کے لئے چینی ان ملوں سے لی جائیگی جو کرشنگ کا عمل بروقت شروع کریگی اور کسانوں کو معاوضے کی ادائیگی بھی بروقت یقینی بنائیں گی ۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment