پیر, 25 نومبر 2024


50 ہزار بیروزگار نوجوانوں کو تربیت فراہم کریں گے

ایمز ٹی وی (تجارت) قومی کمیشن برائے تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت (نیوٹیک) رواں سال کے آخر تک 50 ہزار بیروزگار نوجوانوں کو مختلف ہنروں کی تربیت فراہم کریگا۔
نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ نے سرکاری خبر ایجنسی سے گفتگو میں کہا کہ نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت مفت دی جائیگی اور انہیں اعزازیہ بھی ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت روایتی تعلیم کے ساتھ پیشہ ورانہ تعلیم کی فراہمی کیلیے پرعزم ہے جس کے مستقبل میں ملکی ترقی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی جاری مختلف تکنیکی تربیت کے کورسز میں دلچسپی کو بہتر بنانے اور معیار میں اضافے کیلیے وسط مدتی مہارت کے مقابلے متعارف کرائے گئے ہیں اور ان مقابلوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا کو سرٹیفکیٹ اور نقدانعامات بھی دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کیلیے روزگار کا حصول یقینی بنانے اور ان کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلیے صنعتی شعبوں سے مشاورت کی گئی ہے اور مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق نوجوانوں کو تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی افرادی قوت کی طلب میں اضافے کیلیے معیاری تربیت ضروری ہے اور اس کیلیے تربیت کاروں کو بھی تربیت دی جا رہی ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ تربیت کاروں کی تنخواہ پاکستان میں بہت کم ہے وہ اس مسئلے میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں اور اس کو ہر سطح پر اٹھائیں گے تاکہ جلد از جلد اس کا کوئی مثبت حل نکل سکے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment