ایمز ٹی وی (تجارت) آل کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری نے سندھ حکومت سے ٹرانسپورٹرز کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ جلائی گئی بسوں کا معاوضہ فوری ادا نہ کیا گیا تو ٹرانسپورٹرز غیرمعینہ مدت کیلئے ہڑتال پر چلے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق صدر کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد ارشاد بخاری کا کہنا ہے کہ شہر میں گزشتہ روز نامعلوم افراد نے تین بسوں اور ایک ٹرک کو آگ لگا دی اور پولیس اور حکومت خاموش تماشائی بنی رہی۔
ارشاد بخاری نے حکومت کو وارننگ دی کہ فوری طور پر جلائی گئی بسوں کا معاوضہ اور ٹرانسپورٹرز کو تحفظ فراہم کیا جائے بصورت دیگر ٹرانسپورٹرز غیرمعینہ مدت کے لیے شہر بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ بند کرنے پر مجبور ہونگے۔
ان کا کہنا تھا کہ افسوس ناک اور حیرت انگیز بات ہے کہ شہر میں نامعلوم افراد بسوں کو نذرآتش کرتے رہے اور قانون نافذ کرنے والے افراد ان کے خلاف کوئی کارروائی نہ کر سکے۔ ایسے حالات میں ٹرانسپورٹرز سخت عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ حکومت ٹرانسپورٹرز کو تحفظ کی یقین دہانی کرائے تاکہ وہ اپنی گاڑیاں سڑکوں پر لائیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ رات لانڈھی لیبر اسکوائر، نیپئر اور نارتھ ناظم بفرزون میں بسوں کو آگ لگا دی گئی تھی۔