موسم سرما میں پوری رات گیس کی لوڈ شیڈنگ ہو گی
ایمزٹی وی (تجارت) پنجاب کے گیس صارفین کیلئے موسم سرما میں گیس کی لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے ، جس کے مطابق صارفین موسم سرما میں ہر روز پوری رات گیس سے محروم رہیں گے۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد پنجاب میں گیس طلب پوری کرنا مشکل ہوچکا ہے، جس کے باعث دسمبر تا فروری پنجاب کے گھریلو صارفین کو رات دس تا صبح پانچ بجے تک گیس فراہم کرنا ممکن نہیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ ایل این جی کی درآمد کے باوجود گھریلو صارفین کو بدترین گیس شارٹ فال کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ ٹرانسمیشن لائنیں بوسیدہ ہونے سے گیس لاسز یا نقصان کی شرح بہت زیادہ ہے، جس کے باعث گھریلو صارفین کو ان لائنوں کے ذریعے ایل این جی فراہم نہیں کی جاسکتی۔
وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ گیس کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا جارہا، اُوگرا ہر چھے ماہ بعد قیمتوں کی سمری بھیجتا ہے یہ معمول کی بات ہے۔