اتوار, 24 نومبر 2024


سپر باسمتی دھان کی ٹریڈنگ درخواست منظور

ایمز ٹی وی(تجارت) سیکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج (پی ایم ای ایکس) میں لسٹنگ کے لیے سپر باسمتی دھان چاول فیوچرز کنٹریکٹس کی منظوری دے دی ہے۔

گزشتہ روز جاری اعلامیے کے مطابق یہ منظوری زرعی اجناس کی الیکٹرونک تجارت کو پی ایم ای ایکس کے پلیٹ فارم سے فروغ دینے اور زرعی شعبے میں شراکت داروں خصوصاً کسانوں کے مفادات کو تحفظ دینے کے لیے دی گئی، اس سے قبل اگست 2015 میں ایس ای سی پی نے سرخ مرچ فیوچرز کنٹریکٹ کی بھی منظوری دی تھی جسے آزمائشی دور کی کامیابی پر بعد ازاں بھرپور طریقے سے لانچ کیا گیا، حالیہ فصل میں 1ہزار ٹن سے زائد سرخ مرچ کی الیکٹرونک پلیٹ فارم کے ذریعے تجارت ہوئی۔

پی ایم ای ایکس پلیٹ فارم کے استعمال کے فوائد میں اجناس کے معیار کی جانچ، 24 سے 48 گھنٹوں میں تیز ترین ادائیگی، قیمت میں شفافیت، حوالگی اور تصفیے کی ضمانت کا انتظام بھی شامل ہے، ایس ای سی پی پاکستان میں پی ایم ای ایکس پلیٹ فارم کے استعمال پر تاجروں کی حوصلہ افزائی کے ذریعے زرعی اجناس کی تجارت میں اصلاحات لانے کے لیے پر عزم ہے۔

اس مقصد کے لیے کمپنیز بل2016 کے مسودے میں زرعی فروغ کمپنیوں کی تجاویز پیش کی ہیں جس میں پروڈیوسر اور ضمنی انتظامی کمپنیاں شامل ہیں اور کولیٹرل مینجمنٹ اینڈ ویئرہاؤسنگ فریم ورک کا مسودہ بھی ترتیب دیا گیا ہے تاکہ ضمنی انتظامی کمپنی کے قیام اور ملحقہ گوداموں کے اندراج میں سہولت دی جا سکے، مذکورہ فریم ورک کو آئندہ ہفتے عوامی مشاورت کے لیے بھی پیش کیا جائے گا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment