ایمز ٹی وی (تجارت) وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان میں توانائی کے2 منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 24 کروڑ روپے کا فنڈ جاری کردیے ہیں۔ وفاق کی جانب سے جاری شدہ ترقیاتی فنڈز میں سے گلگت بلتستان میں نلتر کے مقام پر16 میگاواٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کیلیے14 کروڑ جبکہ ہنزل کے مقام پر20 میگاواٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کیلیے 10 کروڑ روپے جاری کردیے گئے ہیں۔ دستاویز کے مطابق وفاقی وزارت منصوبہ بندی و ترقیات کی جانب سے رواں ہفتہ وفاقی پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام میں شامل منصوبوں کیلیے جاری فنڈز میں گلگت بلتستان کے کل 7 ترقیاتی منصوبوں میں سے 2 منصوبوں کیلیے مجموعی طور پر 24 روپے جاری کردیے ہیں جبکہ باقی 5 منصوبوں کیلیے تاحال کوئی فنڈ جاری نہ ہوسکا ہے۔
دستاویز کے مطابق وزارت منصوبہ بندی نے گزشتہ سہ ماہی کے دوران گلگت بلتستان کو بلاک ایلوکیشن کی مد میں مجموعی طور پر کل 4 ارب50 کروڑ روپے جاری کردیے تھے۔ دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت نے وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان کے ذریعے گلگت بلتستان کے لیے رواں وفاقی بجٹ میں بلاک ایلوکیشن سمیت ترقیاتی منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر کل 11 ارب 50 کروڑبجٹ مختص کیا تھا جس میں سے اب تک گلگت بلتستان کو مجموعی طور پر 4 ارب 74 کروڑ جاری ہوچکے ہیں۔