ایمز ٹی وی (تجارت) پاکستان میں پہلی مرتبہ ڈائریکٹ ٹو ہوم (ڈی ٹی ایچ) سروس کے لیے تین لائسنس کی 15 سال کے لیے نیلامی کر دی گئی۔ ایک لائسنس کی فیس 4 ارب 89 کروڑ 40 لاکھ روپے طے پائی جبکہ کامیاب بولی لگانے والوں کو وزارت داخلہ سے کلیئرنس کے بعد لائسنس جاری ہوگا۔ پیمرا حکام کو توقع تھی کہ فی لائسنس بولی 1.5 ارب روپے تک پہنچے گی تاہم کمپنیوں کے درمیان زبردست مسابقت کی وجہ سے ایک لائسنس کی فیس 4 ارب 89 کروڑ سے زیادہ رہی واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کو نیلامی کا انعقاد کرنے کی اجازت دے دی تھی تاہم لائسنس جاری کرنے سے روک دیا تھا۔ عدالت عظمیٰ نے حکم دیا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ کے حتمی فیصلے تک کامیاب بولی لگانے والوں کو لائسنس جاری نہ کیا جائے۔
نیلامی کا آغاز دوپہر ایک بجے ہوا اور 20 کروڑ روپے سے بولی کا آغاز کیا گیا، 11 کمپنیوں کی جانب سے بولیاں لگانے کا عمل تقریباً 15 گھنٹے تک جاری رہا. کامیاب بولی دینے والی کمپنیوں میں میگ انٹرٹینمنٹ پرائیوٹ لمیٹڈ لاہور (4 ارب 89 کروڑ 80 لاکھ روپے)، اسٹار ٹائمز کمیونیکیشنز پاکستان پرائیوٹ لمیٹڈ اسلام آباد (4 ارب 89 کروڑ 80 لاکھ روپے) اور شہزاد اسکائی پرائیوٹ لمیٹڈ اسلام آباد (4 ارب 89 کروڑ 80 لاکھ روپے) شامل ہیں۔ نیلامی کا عمل تاخیر سے شروع ہوا کیوں کہ چیئرمین پیمرا ابصار عالم سپریم کورٹ میں پیش ہوئے تھے۔ واضح رہے کہ 22 نومبر کو لاہور ہائی کورٹ نے پیمرا کو نیلامی کا انعقاد نہ کرنے کا حکم دیا تھا جس کے خلاف پیمرا نے سپریم کورٹ میں اپیل کردی تھی۔
نیلامی میں شرکت کے لیے 12 کمپنیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا جن میں سے 11 کمپنیوں نے بولی میں حصہ لیا۔ جن کمپنیوں نے نیلامی میں حصہ لیا ان میں ایچ بی ڈی ٹی ایچ پرائیوٹ لمیٹڈ (اسلام آباد)، آئی کیو کمیونیکیشنز پرائیوٹ لمیٹڈ(کراچی)، میگ انٹرٹینٹ پرائیوٹ لمیٹڈ (لاہور)، نیا ٹیل پرائیوٹ لمیٹڈ(اسلام آباد)، اورینٹ الیکٹرونکس پرائیوٹ لمیٹڈ(لاہور)، سردار بلڈرز پرائیوٹ لمیٹڈ(اسلام آباد)، شہزاد اسکائی پرائیوٹ لمیٹڈ(اسلام آباد)، اسکائی فلکس پرائیوٹ لمیٹڈ(اسلام آباد) اور اسمارٹ اسکائی پرائیوٹ لمیٹڈ(اسلام آباد) شامل ہیں۔
اس کے علاوہ نیلامی میں شامل دو کمپنیاں غیر ملکی اداروں کی ذیلی کمپنیاں ہیں جن میں پارس میڈیا اینڈ براڈکاسٹ پرائیوٹ لمیٹڈ (اسلام آباد) روس کمپنی جبکہ اسٹار ٹائمز پاکستان کمیونیکیشنز پرائیوٹ لمیٹڈ (اسلام آباد) کا تعلق اسٹار ٹائمز چائنا سے ہے جو پہلے ہی 16 افریقی ممالک میں ڈی ٹی ایچ نیٹ ورکس چلاتی ہے۔ نیلامی کا عمل مکمل ہونے کے بعد چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈی ٹی ایچ لائسنس کی نیلامی 15 سال کے لیے ہے۔ چیئرمین پیمر ابصار عالم نے کہا کہ 15 گھنٹوں کے طویل وقت کے بعد نیلامی کا عمل شفافیت سے مکمل ہوا، مجموعی طور پر 3 لائسنس 14 ارب 69 کروڑ 40 لاکھ میں فروخت ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی ٹی ایچ لائسنس کی نیلامی کے بعد میڈیا ایک نئے دور میں داخل ہو گیا، لائسنس کی فیس پہلے 15 فیصد پھر دوسری قسط 35 فیصد جمع کروانی ہو گی جبکہ بقایا ادائیگی تیسری قسط میں کرنا ہو گی۔
ابصار عالم نے کہا کہ نیلامی میں کامیاب ہونے والی کمپنیوں کو وزارت داخلہ اور سیکورٹی اداروں سے کلئیرنس کے بعد لائسنس جاری کیا جائے گا۔ ایک لائسنس 4اب 89 کروڑ 80 لاکھ روپے میں جاری کیا جائے گا جبکہ مجموعی طور پر 3 لائسنس 14 ارب 69 کروڑ 40 لاکھ روپے کے فروخت ہوئے۔ لائسنس کی نیلامی کے عمل میں میگ انٹرٹینمنٹ کی جانب سے سب سے زیادہ 4 ارب 91 کروڑ روپے کی پیش کش کی گئی۔ دوسرے نمبر پر بولی لگانے والوں میں شہزاد اسکائی اسلام آباد رہی جس نے 4 ارب 90 کروڑ کی بولی دی۔ اسٹار ٹائمز کمیونیکیشنز اسلام آباد نے 4 ارب 89 کروڑ 80 لاکھ روپے کی بولی دی۔ نیلامی کا عمل پاکستان میں ڈی ٹی ایچ سروس کے آغاز کی جانب پہلا قدم ہے اور جنوبی ایشیا کے تقریباً تمام ممالک یہاں تک کہ افغانستان میں پہلے ہی ڈی ٹی ایچ سروسز موجود ہیں۔ ڈی ٹی ایچ ایک ڈیجیٹل باکس ہوتا ہے جو منظور شدہ چینلز فراہم کرتا ہے اور صارفین کو اس کے لیے کیبل کنیکشن کی ضرورت نہیں ہوتی۔