ھفتہ, 23 نومبر 2024


سی سی پی نے حکومت کو پالیسی نوٹ جاری کردیا


ایمز ٹی وی (تجارت) مسابقتی کمیشن آف پاکستان(سی سی پی) نے ٹیلی کام پالیسی 2015 کے بارے میں حکومت کو پالیسی نوٹ جاری کردیا۔ سی سی پی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پالیسی نوٹ میں حکومت سے ٹیلی کام پالیسی 2015 بلخصوص ٹیلی کام سیکٹر کے لیے مسابقتی رولز کے حوالے سے از سرنو جائزہ لینے کی سفارش کی گئی ہے، وزارت آئی ٹی وٹیلی کام کی جاری کردہ ٹیلی کام پالیسی 2015 کی شق 5.1 ٹیلی کمیونی کیشن سیکٹر میں مسابقتی معاملات پی ٹی اے کے ذریعے ریگولیٹ کرنے سے متعلق ہے جبکہ پارلیمنٹ کے ایکٹ کے ذریعے منظور شدہ مسابقتی قانون کو وزارت آئی ٹی کے تیار کردہ قوانین پر فوقیت حاصل ہے اس لیے سی سی پی اور دوسری ریگولیٹری باڈی کے درمیان مسابقتی معاملات کے تنازع میں مسابقتی قانون ہی لاگو ہو گا۔

پی ٹی اے کو مسابقتی معاملات میں اختیار دینے کا نتیجہ ٹیلی کام سیکٹر اور صارفین کے لیے غیریقینی کی صورتحال پیدا کر دے گا۔ سی سی پی نے سفارش کی کہ ٹیلی کام پالیسی 2015 کا مکمل طور پر جائزہ لیا جائے بالخصوص مسابقتی معاملات پرتا کہ پی ٹی اے اور سی سی پی کے درمیان ان کے دائرہ اختیار میں کوئی تنازع پیدا نہ ہو۔ پالیسی نوٹ میں سی سی پی اور پی ٹی اے کے درمیان مستقبل میں کسی تنازع سے بچنے اور ٹیلی کام سیکٹر میں مضبوط مسابقت کے لیے باہمی تعاون پر زور دیا گیا ہے۔یہ پالیسی نوٹ کمپیٹیشن ایکٹ 2010 کے سیکشن 29کے تحت جاری کیا گیا ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment