ایمز ٹی وی (بزنس)سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایک بار پھر انجن کی ناقص دیکھ بھال کا نوٹس لیتے ہوئے تمام اے ٹی آر طیاروں کو گراونڈ کردیا ہے۔اس کے باعث پی آئی اے کی پروازوں کا شیڈول درہم برہم ہوگیا اور نصف درجن کے لگ بھگ پروازوں کو منسوخ کردیا گیا ،جس کے باعث مسافروں کو پریشانی کا سامنا کر نا پڑا۔
ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اے ٹی آر طیاروں کے پرواز کی اجازت نہ دنیے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ اے ٹی آر طیاروں کے دوبارہ گرائونڈ ہوجانے کے باعث پی آئی اے کو اپنی اسلام آبا د سے لاہور کی پرواز پی کے 655، لاہور سے اسلام آباد کی پرواز پی کے 656، کراچی سے گوادر کی پرواز پی کے 503، تربت سے مسقط کی پرواز پی کے191 اور مسقط سے گوادر کی پرواز 192کو منسوخ کردیا ہے۔
پی آئی اے ترجمان کے مطابق پروازوں کی منسوخی پی آئی اے کو طیاروں کی کمی کے باعث کی گئی ہیں تاہم پروزوں کی بروقت روانگی جلد معمو ل پر آجائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے حکام کی جانب سے اہم اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیاگیاکہ اے ٹی آر طیاروں کےلئے فرانس سے 10ملین ڈالرز کے انجن خریدے جائیں گے ۔
علاوہ ازیں پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ گراونڈ کئے گئے چھ اے ٹی آر طیاروں میں سے چار کو انسپکشن کے بعد پروازوں کے لئے کلیئر کر دیا گیا ہے، جبکہ دو کو بھی جلد کلئیرنس مل جائے گی۔