بدھ, 27 نومبر 2024


کوئلے سے چلنے والے 1320میگاواٹ کے منصوبے کی نقاب کشائی اور سنگِ بنیاد

 

ایمز ٹی وی (تجارت)گڈانی کنڈ کے مقام پر کوئلے سے چلنے والے حبکو کول پاور پروجیکٹ کے منصوبے کی نقاب کشائی اور سنگِ بنیاد وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ کمیشن احسن اقبال نے کیا، جبکہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور وزیر اعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری آج اس تقریب میں مصروفیات کی وجہ سے شرکت نہیں کر سکے۔

تفصیلات کے مطابق گڈانی میں کوئلے سے چلنے والے 1320میگاواٹ کے منصوبے کی نقاب کشائی اور سنگِ بنیاد وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ کمیشن احسن اقبال نے کیا۔ اس منصوبے کو چائنا پاور حب جنریشن کمپنی تعمیر کررہی ہے جس کو چائنا پاور انٹرنیشنل ہولڈنگ اور حب پاور کمپنی کے اشتراک سے قائم کیا گیا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ کمیشن احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں بجلی کے شعبے کا سب سے بڑا مسئلہ بجلی کی مہنگی پیداوار ہے۔ کوئلے سے سستی بجلی کی پیداوار سے پاور سیکٹر کے خسارے کو کم کرنے اور گردشی قرضوں کو نیچے لانے میں مدد ملے گی۔ نیشنل ٹیرف ڈسپیچ کمپنی سے ہونے والے 30 سالہ معاہدے کے تحت اس منصوبے سے سالانہ 9.8ارب کلو واٹ سستی بجلی پیدا ہوگی۔اس منصوبے کی تکمیل سے ملک میں بجلی کی پیداوار کیلئے درآمد کئے جانے والے سالانہ 1.3ملین ٹن تیل کی بچت ہوگی جس پر ملک کے تقریباً 400ملین ڈالر خرچ کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1320میگا واٹ کا یہ منصوبہ چائنا پاور حب جنریشن کمپنی کی جانب سے حب پاور کمپنی کے موجودہ پاور پلانٹ میں لگایا جا رہا ہے اوریہ منصوبہ ملک میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے منصوبوں میں سب سے بڑا منصوبہ ہے، جو چائنا پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت قائم کیا جا رہا ہے جس پر 1.6 بلین ڈالر لاگت آئے گی۔ منصوبے کیلئے سرمایہ کاری چین کا لیڈنگ بینکنگ کنسورشم چائنا ڈیولپمنٹ بینک فراہم کررہا ہے۔

 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment