ایمز ٹی وی(تجارت) حکومت نے سی پیک منصوبے پر کام کرنے والے ملازمین کی تنخواہیں کم کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔
میڈیا زرائع کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے معاہدوں کے مطابق ادائیگیاں کرنے سے انکار کے بعد وفاقی حکومت نے سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں کیلئے عارضی ملازمین کی تنخواہوں میں 33فیصد تک کمی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے کہ جب دوسری جانب حکومت نئے مالی سال کیلئے مستقل ملازمین کی تنخواہوں میں 10سے 15فیصد اضافے کا سوچ رہی ہے ۔
وزارت اطلاعات کے نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ اکاﺅنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو کے اعتراض کے بعد لیا گیا۔عارضی ملازمین کو اس وقت منصوبوں کے پی سی ون میں منظور ی کے مطابق تنخواہیں دی جا رہی ہیں جبکہ انہیں اسی کے تحت تعیناتیوں کے لیٹرز اور اس پر درج تنخواہیں دی جا رہی تھیں مگر اکاﺅنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو نے پی سی ون میں منظور ہونے والی تنخواہوں کی منظوری نہیں دی ۔