جمعہ, 22 نومبر 2024


نیب نے 287ارب روپے کی خطیر رقم قومی خزانے میں جمع کرادی

 

ایمزٹی وی (تجارت)چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب نے قومی دولت لوٹنے والوں سے 287 ارب روپے کی خطیر رقم واپس قومی خزانے میں جمع کروائی ہے جبکہ ہماری موثر حکمت عملی سے سزاکی شرح 76فیصد تک بڑھ چکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئر مین نیب قمر زمان چودھری کا جامع انفورسمنٹ پالیسی کے حوالے سے جاری بیان میں کہنا تھا کہ ملک سے کرپشن کے خاتمہ کیلئے نیب نے بعض آپریشنل اختیارات ریجینل ڈائریکٹریٹس جنرل کو سونپ دیئے ہیں، موجودہ انتظامیہ نے ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کےلئے جامع حکمت عملی کے تحت پالیسی مرتب کی ہے اور ادارے کی موثر حکمت عملی کے اثرات ظاہر ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ نیب پاکستان میں انسداد رشوت ستانی کا بڑا ادارہ ہے جس کا قیام 1999ءمیں عمل میں لایا گیا تھا جس کا مقصد بدعنوانی کا خاتمہ اور لوٹی گئی قومی دولت کو واپس قومی خزانے میں جمع کرانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیب کسی بھی شکایات کی وصولی کے بعد اپنا کام شروع کرتا ہے جس میں نیب آرڈیننس کے تحت تحقیقات کاعمل شفاف طریقے سے مکمل کرکے کیس عدالتوں میں بھیجے جاتے ہیں جبکہ ہماری موجودہ انتظامیہ نے کام کو زیادہ موثر بنانے کےلئے جامع حکمت عملی مرتب کی ہے جس کے مثبت اثرات ہونا شروع ہو گئے ہیں اور شکایت کی وصولی سے لے کر تحقیقات اور ریفرنس دائر کرنے کےلئے 10ماہ کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ نیب میں بہتر حکمت عملی کےلئے ایس او پیز مرتب کئے گئے ہیں جس کے تحت جب کوئی شکایت موصول ہوئی ہے اور قومی خزانہ کو نقصان پہنچانے والے عناصر اگر دولت واپس نہ کریں تو ان کے خلاف باقاعدہ کارروائی کی جاتی ہے۔
چیئرمین نیب نے کہا کہ ادارے میں تمام تر کارروائی طے شدہ طریقہ کار کے تحت کی جاتی ہے اور موجودہ انتظامیہ نے دس سال کے بعد ادارے کے کام کرنے کے طریقہ کار اور استعداد میں بہتری کے حوالے سے جامع حکمت عملی مرتب کی ہے۔ ادارے کی موثر کارروائیوں سے وائٹ کالر کرائم کو کم کرنے میں مدد حاصل ہوئی ہے اور نیب نے قومی دولت لوٹنے والوں سے 287ارب روپے کی خطیر رقم واپس قومی خزانے میں جمع کروائی ہے اور نیب کی موثر حکمت عملی سے ادارے کی کنویکشن کی شرح 76فیصد تک بڑھ چکی ہے۔ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کےلئے پرعزم ہے اور اس حوالے سے جامع حکمت عملی کے تحت موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment