جمعہ, 29 نومبر 2024


ٹرانسپورٹ پالیسی پر عملدرآمد کے لیے تمام وفاقی و صوبائی وزارتوں اور متعلقہ محکموں کوہدایات

 

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے نیشنل ٹرانسپورٹ پالیسی پر عملدرآمد کے لیے تمام وفاقی و صوبائی وزارتوں اور متعلقہ محکموں کوہدایات جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

نیشنل ٹرانسپورٹ پالیسی پر عملدرآمد کے لیے وفاقی وزارت منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات کی جانب سے تمام متعلقہ وفاقی اور صوبائی وزارتوں اور محکموں کو لیٹر لکھنے کا فیصلہ کیاگیا ہے جس میں وفاقی حکومت تمام وزارتوں کو نیشنل ٹرانسپورٹ پالیسی کے مطابق ریل، ایئر ٹرانسپورٹ، روڈ ٹرانسپورٹ، سمندری راستوں کے ذریعے ٹرانسپورٹ کے لیے ماسٹر پلان بنانے کی ہدایت کرے گی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے ملک بھر میں ٹرانسپورٹ سے متعلقہ اداروں کی جانب سے ٹرانسپورٹ سیکٹر میں نیشنل ٹرانسپورٹ پالیسی پر عملدرآمدکا جائزہ لینے کے لیے کابینہ کی کمیٹی قائم کی جائے گی جو اس پالیسی پر عملدرآمد کا جائزہ لے گی۔ 

نیشنل ٹرانسپورٹ پالیسی کے تحت فریٹ ٹرانسپورٹ کو بتدریج ریل اور پائپ لائنز کی جانب منتقل کیا جائے گا اور وفاقی حکومت کی جانب سے آئل اینڈ گیس کو ایک سے دوسری جگہ منتقل کرنے کے لیے پائپ لائن بچھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ری اسٹرکچرنگ کی جائے گی اور ایوی ایشن، ایئر ٹریول سیفٹی اور سیکیورٹی کو بھی فروغ دیاجائے گا جبکہ سمندری راستوں پر ٹرانسپورٹ کے ذرائع کو بھی فروغ دیاجائے گا۔ اس پالیسی پر عملدرآمد کے لیے کابینہ کی ٹرانسپورٹ کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی سربراہی وزیر اعظم کریں گے۔

اس کمیٹی میں وزارت مواصلات، ریلویز، ایوی ایشن، پٹرولیم، بین الصوبائی ہم آہنگی، منصوبہ بندی، میری ٹائم افیئر کے علا وہ صوبائی نمائند ے بھی شامل ہوں گے۔ قومی ٹرانسپورٹ پالیسی پر عملدرآمد کے لیے ہر سب سیکٹر کے لیے ایک ماسٹر پلان بنایا جائے گا۔

اس پالیسی کی عملدرآمد کی مانیٹرنگ اور ایویلیو ایشن کے لیے کابینہ کی تجویز کردہ کمیٹی کے نیچے ایک ایڈوائزری کمیٹی بھی قائم کی جائے گی۔ یہ کمیٹی بھی نیشنل ٹرانسپورٹ پالیسی پر عملدرآمد کا جائزہ لے گی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment