اسلام آباد: رواں مالی سال 2018-19 کے پہلے 4 ماہ میں جولائی تا اکتوبرکے دوران تیل کے درآمدی بل میں 16.8فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق مقدار کے لحاظ سے پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں 40.33 فیصد یعنی 3.65 ملین ٹن کی کمی ہوئی ہے تاہم قیمتوں میں اضافہ اور پاکستانی کرنسی کی مالیت میں کمی کی وجہ سے پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں 16فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔
پی بی ایس کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 4 مہینوں کے دوران مشینری کی درآمدات میں 17.8فیصد کی کمی سے درآمدات کا حجم 3.68ارب ڈالر کے مقابلے میں 3.03 ارب ڈالر تک کم ہوگیا۔ اسی طرح ٹرانسپورٹ گروپ کی درآمدات میں بھی 19.28فیصد کی کمی سے درآمدی بل 1.29ارب ڈالر سے 1.04 ارب ڈالر تک کم ہوگیا۔
پی بی ایس کے مطابق جاری مالی سال میں مجموی قومی درآمدات میں 0.1 فیصد کی کمی ہونے سے درآمدی بل جولائی تا اکتوبر کے دوران 19.06 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے۔