اسلام آباد: حکومت نے گیس کی قیمتوں میں مزید اضافے کی تیاری شروع کردی جس کے نتیجے میں گیس صارفین پر اضافی 91 ارب روپے کا بوجھ ڈالے جانے کا امکان ہے۔ سوئی ناردرن نے گیس مہنگی کرنے کیلئے اوگرا کو درخواست دے دی ہے جس میں قدرتی گیس، ایل این جی اور ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔ سوئی نادرن نے گیس 215 روپے، ایل این جی 103 روپے، ایل پی جی 4 ہزار 295 روپے فی ایم ایم بی ٹی مہنگی کرنے کی درخواست کی ہے۔ سوئی ناردرن نے کہا کہ مالی سال 2018-19 کیلئے 91 ارب روپے کا خسارہ ہے جسے پورا کرنے کے لیے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی جائے۔ اس کے علاوہ گیس چوری کا نقصان بھی صارفین سے وصول کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔