اسلام آباد: واپڈا نے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز کی تعمیر کے لیے اپنے وسائل سے 98 ارب روپے مہیا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واپڈا ذرائع کے مطابق مہمند ڈیم پر تعمیراتی کام کا آغاز 2019ء کے اوائل میں متوقع ہے جب کہ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر 2019ء کے وسط میں شروع ہوگی، دیا مر بھاشا ڈیم تقریباً 9 سال میں جب کہ مہمند ڈیم تقریباً 6 سال میں مکمل ہوگا۔
واپڈا پاور ہاؤس کے لیے فنڈزکا بندوبست سپلائر کریڈٹ، واپڈا ایکویٹی اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ذریعے کرے گا اور حکومت سے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 30 ارب سے 35 ارب روپے ہر سال درکار ہوں گے جب کہ ڈیم کی تعمیر کے لیے باقی رقم کمرشل قرض کی صورت میں حاصل کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق مہمند ڈیم کے لیے فنڈز کا انتظام وفاقی حکومت کے سالانہ ترقیاتی پروگرام، واپڈا ایکویٹی، مقامی اور غیر ملکی بینکوں اور مالیاتی اداروں سے قرض کی صورت میں کیا جائے گا اور یہ قرض واپڈا اپنے اثاثہ جات کے عوض لے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دیا مر بھاشا اور مہمند ڈیمز کے لیے فنڈز کی فراہمی کوئی مسئلہ نہیں، واپڈا کے اثاثہ جات کی مالیت 40 ارب ڈالر سے زائد ہے، جب کہ واپڈا نے گزشتہ سال 32 ارب یونٹ بجلی سینٹرل پاور پرچیز ایجنسی کو فروخت کیے جس کی مالیت 65 ارب روپے سے زائد ہے۔