اسلام آباد : واپڈا اور بجلی کمپنیوں میں کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز پر تعینات 13,000 ملازمین کو جلد مستقل کر دیا جائیگا۔ محکمہ بجلی کے لائن اسٹاف اور گرڈ عملہ کیلئے صحت مندانہ اور محفوظ حالات کارکے قیام کیلئے اعلیٰ اور معیاری حفاظتی سامان کی فراہمی میں ہر گز کوتاہی نہیں کی جائیگی۔ یہ فیصلے وفاقی سیکرٹری برائے توانائی عرفان علی اور آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرزیونین سی بی اے کے جنرل سیکرٹری خورشید احمد کی سربراہی میں یونین اور حکام کے مابین منعقدہ اجلاس میں کیے گئے۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ معذور یا شہید ہونیوالے کارکن کے اہل خانہ کو متعلقہ ملازم کی ہر بچی کی شادی کے لئے چار لاکھ روپے کی ادائیگی اور بچوں کی مفت تعلیم اورمتوفی کے بچے یا بچی کو محکمے میں فوری بھرتی کرنے سمیت لواحقین کے مالی و سماجی تحفظ یقینی بنایا جاتا رہے گا۔