ھفتہ, 23 نومبر 2024
×

Warning

JUser: :_load: Unable to load user with ID: 46


کروڑوں روپے کے ٹیکس چوری

ایمز ٹی وی (بزنس) اسپیشل جج کسٹمز، ٹیکسیشن اینڈ انسداد اسمگلنگ نے کروڑوں روپے کی ٹیکس چوری میں ملوث ملزم کاشف ارشاد کو اشتہاری قراردیدیا ہے۔

’’ایکسپریس‘‘ کو دستیاب دستاویز کے مطابق ایف بی آر کے ماتحت ادارے ڈائریکٹوریٹ جنرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو نے میسرز بلیک ڈائمنڈ گروپ نامی کمپنی کی ٹیکس چوری کا سراغ لگا کر اس کے مالک کاشف ارشاد کے خلاف کارروائی شروع کی تھی، ابتدائی تحقیقات میں پتاچلاکہ بلیک ڈائمنڈ گروپ مختلف سیمنٹ مینوفیکچررز کو کوئلہ سپلائی کرتا ہے مگر ٹیکس چوری کیلیے فراڈ کے ذریعے پیاز کی درآمد ظاہر کر کے غیرقانونی طور پر ان پٹ ٹیکس ایڈجسٹمنٹ لے رہا ہے اور قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا رہا ہے۔

سیلز ٹیکس ریٹرن کی چھان بین کے دوران انکشاف ہوا کہ بلیک ڈائمنڈ گروپ نے نومبر 2014 میں پیاز درآمد کی اوراس پر 25لاکھ 86 ہزار 982روپے کے سیلز ٹیکس کی ان پٹ ٹیکس ایڈجسٹمنٹ بیسٹ وے سیمنٹ لمیٹڈ، میسرز فوجی سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ اور میسز مستحکم سیمنٹ لمیٹڈ کو سپلائی کیے جانے والے کوئلے پر لی گئی جو فراڈ ہے کیونکہ پیاز کی درآمد کی ان پٹ ٹیکس ایڈجسٹمنٹ سیمنٹ کمپنیوں کو سپلائی پر نہیں لی جاسکتی، اس کے علاوہ بلیک ڈائمنڈ گروپ نے دسمبر سے ستمبر تک جعلی و بوگس انوائسز کی بنیاد پر کروڑوں روپے کی غیرقانونی ان پٹ ٹیکس ایڈجسٹمنٹ لی۔

دستاویز کے مطابق ریکارڈ کی چھان بین کے دوران بڑے پیمانے پر ٹیکس چوری کے شواہد ملے جس پر کارروائی شروع اورمقدمہ درج کیا گیا، جس پر اسپیشل جج کسٹمز، ٹیکسیشن اینڈ انسداد سمگلنگ نے کروڑوں روپے کی ٹیکس چوری میں ملوث ملزم کاشف ارشاد کو اشتہاری قراردے دیا ہے اور عدالت نے محکمے کے انویسٹی گیشن آفیسررضوان شہزاد کی درخواست پر ملزم کی گرفتاری کیلیے اشتہار جاری کردیا ہے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment