ایمزٹی وی(بزنس) ٹیکس اصلاحات کمیشن (ٹی آرسی) نے انڈر انوائسنگ روکنے کیلئے مختلف اشیا کی کم ازکم درآمدی ویلیو مقرر اور ہر قسم کی فکس ٹیکس ریجیم ختم کرنے کی سفارش کردی ہے ٹیکس اصلاحات کمیشن (ٹی آرسی)نے اپنی جاری کردہ حتمی رپورٹ میں یہ بھی تجویز کیا ہے کہ ایف بی آر ٹیکس ایمنسٹی اسکیمیں متعارف نہ کرائے کیونکہ ان سے ٹیکس چوری کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے، ایف بی آر کی تمام فکس ٹیکس ریجیم ختم کی جائیں کیونکہ یہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس(ویٹ)کے قانون کی روح کے خلاف ہیں، معیشت کے تمام شعبوں کے لیے یکساں ٹیکس ریجیم متعارف کرائی جائے اور کسی کے ساتھ فرق نہ کیا جائے، کمرشل امپورٹرز کے لیے ویلیو ایڈیشن میکنزم بھی ختم کیا جائے رپورٹ میں کہاگیاکہ بجلی کے تمام کمرشل صارفین سے انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس لیا جائے اوران کے کنزیومر نمبرز کو این ٹی این اور سیلز ٹیکس رجسٹریشن نمبر قرار اور ان کے لیے ٹیکس گوشوارے جمع کرانا لازمی کیا جائے، گوشوارے فائل نہ کرنے پر کنکشن منقطع کر دیے جائیں۔ رپورٹ میں تجویز دی گئی کہ انڈر انوائسنگ روکنے کے لیے مختلف کٹیگریز کی اشیا کے لیے کم ازکم درآمدی ویلیومقرر کی جائے جو مخصوص مدت کے لیے ہو جس کے بعد اس پر نظر ثانی کی جائے مگر یہ صوابدیدی اختیارات کے بجائے شواہد پر مبنی ڈیٹا اور سائنٹیفک طریقے سے حاصل کردہ معلومات کی بنیاد پرہو۔