ایمز ٹی وی(بزنس)ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی حکومت نے ایک بیان میں کہاہے کہ ایران کے لیے اشیا کی برآمد پر عائد تمام پابندیاں سلامتی کونسل کی قرارداد کے مطابق ختم کر دی گئی ہیں اور اب بھارت سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 کے مطابق ایران کے ساتھ لین دین کرے گا۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایران اور گروپ 5جمع 1 کے درمیان ایٹمی معاہدے کے بعد جولائی 2015 میں قرارداد 2231 منظور کی تھی جس پر رواں سال جنوری سے عمل درآمد شروع ہو گیا،اس قرارداد کے مطابق ایران کے ایٹمی پروگرام سے متعلق تمام مالی پابندیاں ختم ہو گئی ہیں۔