ایمزٹی وی(تعلیم) نجی اسکول میں ٹیچر کے طلبہ پر بہیمانہ تشدد کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد خیبرپختونخوا کے وزیرتعلیم نے نوٹس لے لیا جب کہ ٹیچر کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق چترال میں دی لرنر نامی نجی اسکول میں مرد ٹیچر نے چھوٹی جماعت کے طلبہ کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا
خبر منظر عام پرآنے کے بعد خیبرپختونخوا کے وزیر تعلیم عاطف خان کو جب اس حوالے سے آگاہ کیا گیا تو انہوں نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی اور واقعہ پر 3 روز میں ٹیچر کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے عاطف خان نے کہا کہ ٹیچر کے خلاف جتنا ہوسکا سخت کارروائی کریں گے اور یہ کارروائی 3 دن کے اندر کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ہم نے ہاٹ لائن بنائی ہے اور بینرز بھی لگائے ہیں کہ جہاں بھی ایسے واقعات ہوں ہمیں اطلاع دی جائے جب کہ اب تک ہم 7 ہزار 200 اساتذہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں نوکریوں سے نکال چکے ہیں۔ ذرائع کےمطابق بچوں پر تشدد کرنےوالے ٹیچر کو گرفتار کرلیا گیا اور اسکول پرنسپل کے خلاف چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا جب کہ ڈائریکٹر ایجوکیشن نے 2 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کردی جو ایک ہفتے میں اپنی رپورٹ پیش کرے.