ھفتہ, 23 نومبر 2024


تمام اسکولوں کو جواب دینا ہوگا

ایمزٹی وی(کراچی/تعلیم) کراچی میں بچوں کے اغوا کی افواہوں پر کراچی پولیس نے اسکولوں کے لئے پروفارما جاری کردیا ہے۔پروفارما میں اسکول میں سیکورٹی گارڈ کی تعداد اور اسلحہ کی تفصیلات طلب کی گئی ہے۔ جبکہ ہر اسکول میں کم از کم 2 سیکورٹی گارڈ لازمی قراردیدیئے گئے۔

کراچی پولیس کی جانب سے شہر کے نجی اسکولوں کو بھیجے گئے سوالنامہ میں ان سے پوچھا گیا ہے کہ اسکول میں سیکورٹی گارڈ اور اسلحہ کی تعداد بتائی جائے ، بتایا جائے کہ اسکولوں کی دیواروں کی اونچائی کتنی ہے اور یہ کہ دیواروں پر خاردار تاریں ہیں یا نہیں ، اسکولوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تعداد اور پارکنگ سے اسکول کا فاصلہ بھی بتایا جائے ۔

پولیس کی طرف سے بھیجے گئے سوالنامے میں اسکول کے فوکل پرسن کا نام اور طلبا کی تعداد بھی پوچھی گئی ہے اور پرائیویٹ اسکولوں سے کہا گیا ہےکہ اسکول کی سیکورٹی کے لیے کم از کم دو سیکورٹی گارڈز ہونا لازمی ہیں ۔

واضح رہے گزشتہ روز ہی ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز کی طرف سے اسکولوں کو 16نکات پر مشتمل ہدایت نامہ بھیجا تھا جس میں ان سے کہا گيا تھاکہ اسکولوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائیں ، عملے اور سیکورٹی گارڈز کے بارے میں قریبی تھانے کو بتائیں اور اسکولوں کی بیرونی دیواروں کو 10,10فٹ اونچا کریں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment