ایمز ٹی وی ( تعلیم) ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹیٹیوشن ڈاکٹر منسوب حسین صدیقی کی زیر صدارت گزشتہ روز سندھ کے تمام ریجنل ڈائریکٹر اور ڈائریکٹریٹ پرائیویٹ انسٹیٹیوٹس سندھ کے افسران کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں ریجنل ڈائریکٹر سکھر، حیدرآباد، لاڑکانہ، میر پور خاص اور کراچی نے شرکت کی۔ اجلاس میں سندھ پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوشن ریگولیشن اینڈ کنٹرول آرڈیننس 2001ترمیمی ایکٹ 2003رولز 2005 پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔
ڈی جی پرائیویٹ اسکولز نے 6مانیٹرنگ کمیٹیاں تشکیل دی ہیں جو نجی تعلیمی اداروں کی مانیٹرنگ کریں گی۔
ٹیم مانیٹرنگ کے دوران اساتذہ کی قابلیت، ماہانہ آمدن و اخراجات، ماہانہ ٹیوشن فیس، داخلہ فیس کا جائزہ لے گی اور سالانہ پانچ فیصد سے زائد فیس وصول کرنے والے نجی تعلیمی اداروں کیخلاف کارروائی کیلئے سفارش کرے گی۔
ہر نجی تعلیمی ادارے میں لینگویج ٹیچر کا ہونا ضروری ہو گا، کمیٹی اپنی رپورٹ متعلقہ ریجنل ڈائریکٹر کو دیں گی اور ریجنل ڈائریکٹر 15دن میں اپنی رپورٹ ڈی جی پرائیویٹ اسکولز کو پیش کریں گے۔
رپورٹ کی روشنی میں خلاف ورزی کرنے والے نجی اسکولوں کیخلاف ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اس کے ساتھ ساتھ تمام ریجنل ڈائریکٹر ہم نصابی سرگرمیوں کا شیڈول بنا کر ڈی جی پرائیویٹ اسکولز کو بھیجیں ۔
ڈی جی پرائیویٹ اسکولز نے مزید کہا کہ ڈائریکٹریٹ جنرل پرائیویٹ انسٹیٹیوشن کی جانب سے وقتاً فوقتاً جاری کردہ سرکلر اور ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے، غفلت برتنے والے افسران کیخلاف بھی کارروائی کی جائے۔
ڈی جی پرائیویٹ انسٹیٹیٹوشن سندھ نے پانچ فیصد سے زائد فیس لینے والے اسکولوں اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے نجی تعلیمی اداروں کیخلاف ایک شکایت سیل بھی قائم کر دیا ہے جس کا فون نمبر 99217489شکایت کنندہ اپنا نام، فون نمبر اور شناختی کارڈ نمبر کے ساتھ شکایت درج کرا سکتا ہے تاکہ ایسے نجی تعلیمی اداروں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔