ایمز ٹی وی (تعلیم/ کوئٹہ) بلوچستان امن جرگہ کے سربراہ اور خلجی قومی تحریک کے چیئرمین لالا محمدیوسف خلجی نے ایک بیان میں بلوچستان یونیورسٹی میں پاک اسٹیڈیز اور بلوچستان اسٹیڈیز ڈیپارٹمنٹس میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کے داخلوں پر پابندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی جامعہ میں پاکستان کے متعلق اعلیٰ تعلیمی کورسز کو نظرانداز کرنے پر جامعہ کے ذمہ داران کی سوچ مشکوک اور قابل تشویش ہے۔
گورنر بلوچستان وائس چانسلر رجسٹرار ودیگر شعبہ جات کی طرح ان ڈیپارٹمنٹس میں بھی فی الفور داخلوں کا اعلان کریں۔
انہوں نے یونیورسٹی کے ذمہ داران کی ان اہم شعبہ جات پر عدم توجہی پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ امر باعث تشویش اور لمحہ فکریہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں اپنی سرزمین قومی زبان اور تاریخ سے لگائو رکھنے والی قومیں زندہ رہتی ہیں اور ترقی کرتی ہیں مگر ہمارے صوبے میں ملکی تاریخ کو دفن کیاجارہا ہے۔
انہوں نے گورنر بلوچستان سے بحیثیت چانسلر بلوچستان یونیورسٹی وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی رجسٹرار ودیگر ذمہ دار حکام سے اس سنجیدہ مسئلے کا فی الفور نوٹس لینے اور دیگر شعبہ جات کی طرح پاکستان اسٹیڈیز ڈیپارٹمنٹ اور بلوچستان اسٹیڈیز ڈیپارٹمنٹ میں داخلوں کے اعلان کا مطالبہ کیا۔