اتوار, 24 نومبر 2024


خالی اسامی پر ڈائریکٹر مقرر کرنے کا اُصولی فیصلہ

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی) صوبائی محکمہ اسکولز ایجوکیشن نے کراچی میں طویل عرصے بعد خالی اسامی پر ڈائریکٹر اسکولز ہائر سیکنڈری اسکولز مقرر کرنے کا اُصولی فیصلہ کرلیا ہے اور اس حوالہ سے سیکرٹری اسکول ایجوکیشن ڈاکٹر فضل پیچوہو نے وزیرتعلیم کو سمری بھجوا دی ہے جس میں ایڈیشنل سیکرٹری اسکولز باقر نقوی کو ڈائریکٹر اسکولز سیکنڈری و ہائر سیکنڈری اسکولز کراچی مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

اس طرح کراچی کے دونوں ڈائریکٹرز پرائمری اور سیکنڈری بیورو کریٹ ہو جائیں گے۔ یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ کراچی کی دونوں ڈائریکٹرز کی اسامیوں پر اسکول کیڈر کے بجائے بیورو کریٹ تعینات ہوں گے تاہم باقر نقوی 19 گریڈ کے ہیں جبکہ ڈائریکٹر پرائمری اسکولزریاض صدیقی کا گریڈ 20 ہے۔

اس لئے امکان ہے کہ باقر نقوی کو ڈائریکٹر اسکولز سیکرٹری کا اضافی چارج ملے تاہم یہ علیحدہ بات ہے کہ ڈائریکٹر کالجز کراچی ضمیر کھوسو گزشتہ ایک سال سے 19 گریڈ میں ہونے کے باوجود 20 گریڈ کی اسامی پر کام کر رہے ہیں اور نئے سیکرٹری کالجز ڈاکٹر ریاض میمن نے بھی اس معاملے پر خاموشی اختیار کررکھی ہے۔

محکمہ تعلیم اسکولز میں ڈی او سیکنڈری ایسٹ اور ڈی او سیکنڈری ویسٹ کی اسامیاں بھی خالی پڑی ہیں اس کے علاوہ اے ڈی او بلدیہ میل و فیمیل، اورنگی میل و فیمیل اور سائٹ میل میں بھی اے ڈی اوز کی اسامیاں خالی پڑی ہیں.

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment