ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی) جامعہ کراچی کے شعبہ ویژول اسٹڈیز اور بھٹائی رینجرز 63 ونگ کے زیر اہتمام پورٹریٹ مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر جامعہ کراچی کے ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریٹوسائنسز پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اپنے قوم کے محسن اور قوم کے لئے رول ماڈل ہیں ،زندہ قومیں اپنے محسنوں کو نہیں بھولتیں ، نہ صرف ہمیشہ انہیں یادرکھتی ہیں بلکہ ان کے اصولوں پر عمل کرتی ہیں۔پاکستانی قوم ایک زندہ قوم ہے جو پاکستان کو ایک مستحکم ،مضبوط ملک بنانے اور ایک فلاحی معاشرے کی تشکیل کے لئے بانی پاکستان کے خواب کو پوراکرنے کا عزم رکھتی ہے۔کسی بھی معاشرے کی تعمیر وتشکیل میں نوجوانوں کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی مانندہوتاہے اور معاشرے میں استحکام اس وقت ممکن ہے جب اس کے نوجوان اپنی صلاحتیں اپنے ملک کے لئے صرف کردیںا کیونکہ ان نوجوانوں کو ہی تمام مشکلات کاحل ڈھونڈنا ہے اور تمام مسائل اور الجھنوں کو اپنی ذہانت سے حل کرناہے۔نہ صرف حکومت بلکہ ہم سب کو ایسے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جونوجوانوں کی فکری وتخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں معاون ثابت ہوں
۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ ویژول اسٹڈیز اور بھٹائی رینجرز 63 ونگ کے زیر اہتمام منعقدہ پورٹریٹ مقابلہ بعنوان: ’’قائداعظم فادر آف دی نیشن‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر بھٹائی رینجرز کے ونگ کمانڈرمیجرایاز نے کہا کہ کراچی کے نواجوانوں کی سوچ کو جامعات کے ذریعے تبدیل کیا جاسکتا ہے،کراچی کے حالات میں کافی بہتری آئی ہے اور ہماری کوشش ہے اس میں مزید بہتری آئے اور کراچی شہر کو امن کا گہوارہ بنایاجائے۔انہوں نے مذکورہ پروگرام کے انعقاد پر جامعہ کراچی کی انتظامیہ کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
شعبہ ویژول اسٹڈیز کی چیئر پرسن پروفیسر دریہ قاضی نے کہا کہ مذکورہ مقابلے کے انعقاد کا مقصد بابائے قوم کی لازوال قربانیوں اور مملکت خدادپاکستان کے قیام میں کلیدی کردار کو زبردست خراج تحسین پیش کرنا ہے ۔قائد کے ویژن اور افکار کو ہمارے نوجوانوں کواپنانے کی ضرورت ہے اور اسی سے ہم ایک صحت مند اور فلاحی معاشرے کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔ مقابلے میں پہلی پوزیشن شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کے عثمان بخاری،دوسری شعبہ ویژل اسٹڈیز کی طالبہ شیزہ علی جبکہ تیسری پوزیشن بھی شعبہ ویژول اسٹڈیز کی طالبہ صالحہ ناز نے حاصل کی جنہیں نقدانعامات سے نوازاگیا۔
تقریب میں شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کے چیئر مین پروفیسر ڈاکٹر شبیب الحسن، مشیر امورطلبہ پروفیسر ڈاکٹر غزل خواجہ ،چیئر پرسن شعبہ سیاسیات پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ سعید اور پروفیسر ڈاکٹر انیلا امبر ملک بھی موجود تھیں