ایمزٹی وی(تعلیم/ پنجاب)پنجاب ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے چار جامعات کے قائم مقام وائس چانسلرز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔ ڈاکٹر مجاہد کامران پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدے سے فارغ ہو گئے ، لاہور ہائیکورٹ میں درخواست گزارنے پنجاب حکومت کی جانب سے وائس چانسلرز کی تعیناتی کے اختیار کو چیلنج کیا تھا ۔
عدالت عالیہ نے اس موقف کو درست قرار دیتے ہوئے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو وائس چانسلرز کی تعیناتی کے احکامات جاری کئے تھے اور سرچ کمیٹی کی سفارشات پر سینئر پروفیسرز کو قائمقام وائس چانسلرز تعینات کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد بالآخر عدالتی فیصلہ پر عمل درآمد ہو ہی گیا اور پنجاب ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے 4 نئے وائس چانسلرز کی تعیناتی کا نوٹفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کے وی سی ڈاکٹر مجاہد کامران کو بھی ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹرظفر معین پنجاب یونیورسٹی کے قائمقام وائس چانسلر تعینات کئے گئے ہیں جبکہ ڈاکٹر رخسانہ کوثر لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی اور ڈاکٹر زبیر نواز شریف انجئینرنگ یونیورسٹی ملتان کے قائمقام وائس چانسلرز ہوں گے جبکہ ڈاکٹر اشتیاق سرگودھا یونیورسٹی کے قائمقام وائس چانسلر مقرر کئے گئے ہیں ۔ اس حوالے سے عدالتی فیصلہ کی عمل درآمد رپورٹ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے آئندہ سماعت پر پیش کی جائے گی ۔