جمعہ, 22 نومبر 2024


جامعہ سندھ اور جاپان کی جامعات کے مابین تعلیمی معاہدے

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /حیدرآباد ) شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت سے کراچی میں جاپانی قونصل جنرل توشی کازو اسومورا نے اپنے پولیٹیکل و کمرشل قونصل مراتا اور عبید انور کے ہمراہ ملاقات کی۔ جس میں جامعہ سندھ کے ایریا اسٹڈی سینٹر میں جاپان زبان سکھانے کے لیے استاد کی تقرری اور جامعہ سندھ کے طلباءکو ایکسچینج پروگرام کے تحت جاپان بھیجنے کے علاوہ تعلیمی و تحقیقی میدان میں جامعہ سندھ اور جاپان کی بڑی جامعات کے مابین تعلیمی معاہدے کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

جاپانی قونصل جنرل توشی کازو اسومورا اپنے دو رکنی وفد کے ساتھ جامعہ سندھ کے ایریا اسٹڈی سینٹر پہنچے جہاں شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت‘ سینٹر کے ڈائریکٹر حماد اللہ کاکیپوٹو و دیگر نے ان کا استقبال کیا۔ ایریا اسٹڈی سینٹر میںہونے والی ملاقات میں یونیورسٹی آف ملائیشیا پرلس کے دو پروفیسرز ڈاکٹر ہوزلی حسین‘ ڈاکٹر زریدہ محمد و دیگر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ڈاکٹر برفت اور ڈاکٹر حماداللہ کاکیپوٹو نے جاپانی و ملائیشیا کے مہمانوں کو سندھی اجرک کے تحائف پیش کیے۔

ملاقات میں ڈاکٹر برفت نے کہا کہ پاکستان کے صوبہ سندھ اور جاپان کی ثقافت آپس میں بہت مماثلت رکھتی ہیں‘ ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینے اور جاپان کے تعلیمی مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے جامعہ سندھ مختلف جاپانی جامعات کے ساتھ معاہدے کرے گی۔

انہوں نے قونصل جنرل کو بتایا کہ جامعہ سندھ میں کی ترقی اور تعلیمی اصلاحات کے لیے کوششیں شروع کی گئی ہیں‘ جلد ہی یہ دنیا کی بہترین جامعات میں سے ایک ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جاپانی قونصلیٹ ایکسچینج پروگرام و دیگر اسکالرشپ کے تحت جامعہ سندھ کے طلباءو اساتذہ کو جاپان بھیجنے میں کردار ادا کرے تاکہ وہ نوجوان جاپانی جامعات سے تربیت حاصل کرکے واپس آکر اپنے ملک کی خدمت کریں۔

انہوں نے کہا قونصل جنرل ایریا اسٹڈی سینٹر میںجاپانی زبان سکھانے کے لیے اساتذہ مقرر کرے تاکہ سندھ کے نوجوانوں کوجاپانی زبان سکھائی جا سکے۔

 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment