ایمز ٹی وی (تعلیم /جامشورو) شیخ الجامعہ سندھ جامشورو پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے صوبے میں ایک فیمیل کیمپس قائم کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے پسماندہ علاقوں کے غریب نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مزید کیمپسز قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ جبکہ کراچی میں بھی ایک کیمپس کا قیام ضروری ہے۔ موجودہ کیمپسز میں مارکیٹ اور ضرورت کے مطابق نئے تعلیمی شعبے شروع کروائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وائس چانسلر آفس میں تمام کیمپسز کے پرو وائس چانسلرز کے ساتھ کیے گئے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر برفت نے کہا کہ کراچی میں مقابلے کی فضا ہے جبکہ نجی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم مہنگی ہے، جس کی وجہ سے کراچی میں بھی جامعہ سندھ کے کیمپس کا قیام عمل میں لانا چاہئے۔