ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی)ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت امتحانات کے دوسرے روزبدھ 29مارچ کو جنرل گروپ کی نویں کلاس کا جنرل سائنس کا پرچہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الدین نے ضلع سینٹرل کے ڈپٹی کمشنر کیپٹن فرید الدین اور میڈیا ٹیموں کے ساتھ مختلف امتحانی مراکز کا اچانک دور ہ کیا اورساتھ ہی تمام امتحانی مراکز میں معائنہ کرنے والے افسران نے مختلف کمروں میں موجود امیدواروں کی تلاشی بھی لی اور کمرہ امتحان کا مکمل جائزہ بھی لیا لیکن کسی طالبعلم کے پاس سے نقل کا کوئی مواد نہیں مل سکا ۔
اس موقع پر چیئرمین میٹرک بورڈ نےامتحانی مرکز میں پانی کی عدم فراہمی، پنکھوں اور دیگر سہولتوں کے نہ ہونے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر احکامات جاری کرتے ہوئے تمام سینٹر سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت جاری کیں کہ وہ تمام امتحانی مراکز پر ممکنہ سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ دریں اثنا جن امتحانی مراکز کا دورہ کیا گیا ان میں ابراہیم علی بھائی گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول نارتھ ناظم آباد اور ایس ایم پبلک گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول ناظم آباد شامل تھے ۔ چیئرمین کی ویجیلینس ٹیم کے علاوہ سینئر اساتذہ پر مشتمل مختلف نگراں ٹیموں نے بھی دیگر امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔