ھفتہ, 23 نومبر 2024


انٹرامتحانات کی تیاریاں مکمل

 

ایمزٹی وی(کراچی/ تعلیم) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر انعام احمد نے کہا ہے کہ محکمہ اینٹی کرپشن کے اقدامات کی وجہ سے بورڈ کا امتحانی نظام متاثر ہورہا ہے، روزانہ کی بنیاد پر ملازمین کو بلا کر پوچھ گچھ کی جاتی ہے، اہم ملازمین کو ان کی ایف آئی ار کی بنیاد پر ہٹایا دیا ہے، اینٹی کرپشن ٹیبولیشن رجسٹر مانگ رہی ہے جو ہم انھیں نہیں دے سکتے۔ مستقل ناظم امتحانات اور سکریٹری کی تقرری کے لئے کنٹرولنگ اتھارٹی کو خط بھی لکھا مگر تقرری نہیں کی گئی۔
گیارہویں اور بارہویں سائنس اور کامرس کے سالانہ امتحانات28اپریل سے شروع ہو ں گے۔وہ گزشتہ روز بورڈ میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے اس موقع پر قائم مقام ناظم امتحانات محمد جعفر، قائم مقام سیکریٹری عظیم احمد اور زرینہ چوہدری بھی موجود تھے۔ چیئر مین انٹر بورڈ نے بتایا کہ سالانہ امتحانات دو مرحلوں میں ہونگے۔
پہلے مر حلے میں سائنس پری میڈیکل ، پری انجینئرنگ ، جنرل سائنس ، ہوم اکنامکس ، میڈیکل ٹیکنالوجی اور کامرس ریگولر و پرائیوٹ کے امتحانات ہونگے اور دوسرے مرحلے میں عید کے بعد ہومنٹیز ریگولرو پرائیوٹ اور ڈپلومہ فزیکل ایجوکشن کے امتحانات ہونگے۔'
پہلے مرحلے کے امتحان کے بعد پریکٹکل کے امتحانات ہونگے انھوں نے کہا کہ امتحانات کی تیاری کے تمام تر انتظامات مکمل ہو چکے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے کے امتحانات میں سائنس( پری میڈیکل ، پری انجینئرنگ اور جنرل سائنس ) ہوم اکنامکس ، میڈیکل ٹیکنالوجی صبح کے اوقات میں صبح 09:30 بجے سے 12:30 بجے تک ہونگے اور پہلے مرحلے میں ہی کامرس ریگولر اور کامرس پرائیوٹ کے امتحانات دوپہر کے اوقات میں دوپہر 02:30 بجے سے 05:30 بجے تک ہونگے۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے مر حلے میں طلباء و طالبات کی مجموعی تعداد 182032 ہے اور صبح کی شفٹ میں امتحانی مراکز کی تعداد 118 ہے جبکہ دوپہر کے شفٹ میں امتحانی مراکز کی تعداد 104 ہے اس طرح امتحانی مراکز کی مجموعی تعداد 222 ہے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment