ایمز ٹی وی(لاہور) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور نے میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلے کیلئے ہونے والے انٹری ٹیسٹ2017ءکے نتائج کا اعلان کر دیا۔ مجموعی طور 48533 امیدواروں نے 29 اکتوبر کو ہونے والے انٹری ٹیسٹ میں شرکت کی جن میں سے61.74 فیصدنے 60 فیصد اور اس سے زائد نمبر حاصل کئے۔
انٹری ٹیسٹ میں اہل قرار پانے والے امیدوار 20 سرکاری میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں 3022 ایم بی بی ایس اور 175 بی ڈی ایس اوپن میرٹ سیٹوں کیلئے ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔ سرکاری میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے ایڈمیشن فارم اور پراسپیکٹس 10 نومبر سے مفت دستیاب ہوں گے۔ ایڈمیشن فارم اور پراسپیکٹس یو ایچ ایس لاہور، نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان اور راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی راولپنڈی سے حاصل کئے جا سکتے ہیں۔
ایسے امیدوار جنہوں نے پی ایم ڈی سی کے فارمولے کے مطابق کم از کم 83.4 فیصد یا اس سے زائد نمبر حاصل کئے ہیں وہ اوپن میرٹ پر داخلے کیلئے درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ درخواست فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 17 نومبر ہوگی۔ سرکاری میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے پہلی لسٹ 29 نومبر کو آویزاں کی جائیگی جبکہ میڈیکل کالجوں میں کلاسزکا آغاز 6 دسمبر سے ہوگا۔