ایمزٹی وی(کراچی/ تعلیم)جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے متنازع داخلہ پالیسی پر اکیڈمک کونسل کااجلاس طلب کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیاہے جو 15روز کے اندر منعقد ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن اور ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن امین الحق نے وائس چانسلر ڈاکٹر اجمل سے ملاقات کی جس میں دخلہ پالیسی اور کم داخلے دیئے جانے پر بات کی گئی قائد حزب اختلاف نے اس بات پر شدید تشویش کااظہار کیا کہ کلیم فارم کا سلسلہ ختم ہونے اور دوسری داخلہ فہرست جاری نہ ہونے کے باعث بڑی تعداد میں کراچی کے طلبا و طالبات داخلوں سے محروم رہ گئے جبکہ اکیڈمک کونسل سے داخلہ پالیسی کی منظوری کے بعد اچانک داخلہ ٹیسٹ کے نمبر بھی کم کر دیئے گئے جس سے کراچی کے طلبا کو نقصان پہنچا۔
اس موقع پر طے کیا گیا کہ 15روز کے اندر اکیڈمک کونسل کا اجلاس بلا کرداخلہ پالیسی کے مسائل کو حل کیا جائے گا تاکہ کراچی کے طلبا کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے ملاقات میں قائم مقام چیئرمین داخلہ کمیٹی ماجد ممتاز بھی موجود تھے ادھر معلوم ہوا ہے ڈائریکٹر ایڈمیشن اور ڈین سوشل سائنس ڈاکٹر احمد قادری داخلوں کے دوران تیسری مرتبہ بیرون ملک چلے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ ان کی عدم موجودگی کے باعث جامعہ کراچی نے این ٹی ایس فیل طلبہ کو داخلہ دینے اور کلیم فارم نہ جاری کرنے کی منظوری دی تھی جس سے کراچی کے چار ہزار طلبہ داخلوں سے محروم رہ گئے تھے۔