کراچی : جامعہ این ای ڈی کے کنٹرولر اسٹوڈنٹ افیئرز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے 6 ستمبر یومِ دفاعِ اوریومِ شہدائے پاکستان کے موقع پر ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ جامعہ کے ترجمان کے مطابق شہدائے راہِ حق کی قربانیوں کو داد و خراج پیش کرنے کے لیے این ای ڈی یونی ورسٹی سے سفاری پارک تک یکجہتی ریلی نکالی گئی۔
جامعہ کے زیرِ اہتمام اس یکجہتی ریلی کی قیادت سینئر ڈین فیکلٹی سول انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹرمیر شبر علی، ڈین فیکلٹی آف الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر سعد زقاضی، رجسٹرار سید غضنفر حسین، ڈائریکٹرسروسزانجینئروصی الدین، ڈی آئی جی موٹر وے پولیس محمدسلیم ، ایس ایس پی ملیر شیرازنذیر عباسی، کنٹرولر اسٹوڈنٹ افیئرز ڈیپارٹمنٹ علی حسن محمود ، ڈپٹی رجسٹرار خالد مخدوم ہاشمی نے سنبھالی۔بہادری اور جان فروشی کی داستانیں رقم کرنے والوں کوخراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے جامعہ این ای ڈی کی فیکلٹی ، طالب علموں اور اسٹاف سمیت پولیس کے عہدےداران نے بڑی تعداد میں واک میں حصّہ لیا۔ ڈی آئی جی موٹروے پولیس محمد سلیم کا کہنا تھاکہ ملک و قوم کی سلامتی ابتدا ہی سے مضبوط ہاتھوںمیں رہی ہے، یہی وجہ ہے کہ آج ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ناصرف شہدا کی قربا نیاں لازوال ہیں بلکہ ان کے گھرانوں کا صبر بھی قابلِ آفرین ہے۔ایس ایس پی ملیر شیراز نذیر عباسی نے یومِ دفاع اور شہدائے پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔ مزید کہا کہ یومِ دفاعِ پاکستان ہمارے نظریے کی جیت کا دن ہے ، جب قلیل نے کثیر طاقت پرغلبہ حاصل کیا۔ سینئر ڈین فیکلٹی سول پروفیسر ڈاکٹر شبر علی نے ریلی کا اختتام شرکا ءکا شکریہ ادا کرتے ہوئے، پاکستان زندہ باد۔پاک فوج پائندہ باد کے نعروں سے کیا۔