ھفتہ, 23 نومبر 2024


اساتذہ کی تقرری انکے ڈومیسائل کی بنیاد پر ہوگی

 

کراچی: صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے شعبہ تعلیم سے وابستہ اسٹیک ہولڈرز کی ترجیحات میں اسٹوڈنٹ کبھی نہیں رہا، جس دن ہماری اولین ترجیح بچوں کا مستقبل ہوا اس دن بہتری کی امید کی جاسکتی ہے، اساتذہ کی تقرری انکے ڈومیسائل کی بنیاد پر ہوگی، اساتذہ اپنی سہولت کے لیے ٹرانسفر کرواکر شہر آجاتے ہیں اور گاؤں کے اسکول و کالج ویران ہوجاتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ تعلیم کے کالج ایجوکیشن کی جانب سے منعقدہ سیمینار ”ایکسیلینس ان کالج ایجوکیشن“ کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں سیکریٹری کالج ایجوکیشن پرویز احمد سیہڑ، آر ڈی کالجز او ر پورے صوبے کے تمام کالجز کے پرنسپلز شریک تھے۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا کہ اساتذہ کی تقرری انکے ڈومیسائل کی بنیاد پر ہوگی، تقسیم سے قبل سندھ تعلیمی میدان میں اس پورے خطے کو لیڈ کرتا تھا۔سندھ کے بچے انگریز دور میں ممبئی مقابلہ کرنے جاتے تھے۔ ۔ وزیر تعلیم سردار شاہ نے کہاکہ ہماری ترجیحات میں بچہ شامل نہیں رہا، اور جب تک بچہ ہماری ترجیحات میں شامل نہیں ہوگا تعلیم کے میدان میں بہتر ی نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم جہاں پڑھے ان اسکولوں اور کالیجز کو چھوڑ دیا ہے، بات اونرشپ کی ہے، جب گاؤں کے

اسکول و کالج کو اون کرینگے تبھی بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ کالجز میں معلوماتی سیشنز اور بہت سی سرگرمیاں نہیں ہو رہیں۔ انہوں نے کہاکہ آج بڑے لوگ اپنے بچوں کے لئے ایلیٹ اسکول ڈھونڈ رہے ہیں،جبکہ غریب طالب علم سرکاری کالج سے ہی پڑھے گا۔ میڈیا کی طرف سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں سردار شاہ نے کہاکہ نجی تعلیمی اداروں کو ہرحال میں قانون کے تحت چلنا پڑے گا،انہوں نے کہاکہ جب ہم سوسائٹی میں ڈلیور کریں گے تبھی سوسائٹی ہمیں تسلیم کرے گی۔
 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment