کراچی: ضیاءالدین یونیورسٹی فیکلٹی آف لاء میں پہلے بیج کی استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی جسٹس عقیل عباسی، جسٹس سندھ ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ قانون کا پیشہ اور وکلاءہمارے معاشرے میں انصاف کی فراہمی کو ممکن بنانے کے لیے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔
نئے آنے والا طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے جسٹس عقیل عباسی کا کہنا تھا کہ اس پیشہ کو اپنانے کے بعد طلبہ آج سے ہی اپنے اہداف مقرر کرلیں اور یہ بات ذہن نشین کرلیں کہ اگر آپ محنت کرتے ہیں اور دوسروں کی مدد کرتے ہیں یقینا آپ اپنے اہداف حاصل کرلیں گے۔انہوں نےمزید کہا کہ آج کے طلبہ اپنی زندگی میں نظم و ضبط لائیں اور قانون کے علاوہ بھی زندگی کے دوسرے شعبوں کے بارے میں علم حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ اپنے پیشے کو مثبت عمل کے ذریعے ثابت کریں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضیاءالدین یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا تھا کہ قانون کی پاسداری کرنا ہر شخص کا فرض ہے۔ آج ہمارے معاشرے میں جرگہ اور پنجایتی نظام کو پروان چڑھایا جارہا ہے جس سے کئی طرح کی خرابیاں پیدا ہورہی ہیں۔ ہمیں قانون اور عدالتی نظام کو مل جل مضبوط بنانا ہوگا۔
اس موقع پر ضیاءالدین یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی نے نئے آنے والے طالب علموں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو فخر ہونا چاہیے کہ آپ ملک کے نامور ادارے میں تعلیم حاصل کرنے کا آغاز کررہے ہیں اور آپ یقینا اپنے والدین اور اس ملک کا نام روشن کریں گے۔