اسلام آباد: پاک ترک معارف انٹر نیشنل اسکول و کالج فار ایشیا پیسیفک کے ریجنل کو آرڈینیٹر کی سربراہی میں پانچ رکنی وفد نے بدھ کے روز جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی سے اُن کے دفتر میں ملاقات کی ، دورانِ ملاقات مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں پاک ترک انٹر نیشنل اسکول اینڈ کالج کی جانب سے یہ تجویز پیش کی گئی کہ وہ جامعہ کراچی کے تعاون سے جامعہ کراچی میں ایک اسکول و کالج قائم کرنا چاہتے ہیں ، جس کا بنیادی مقصد پاکستانی طلبہ کو اعلیٰ معیاری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ عصرِ حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے وفد کو بتایا کہ وہ اس سلسلے میں سنڈیکیٹ کے آئندہ ہونے والے اجلاس میں ممبران کو اس تجویز سے آگاہ کریں گے اور تمام ممبران کی باہمی مشاورت سے کیے جانے والے فیصلے سے آپ کو آگاہ کردیا جائے گا۔ ڈاکٹر خالد عراقی نے جامعہ کراچی کی مختلف کلیہ جات میں ہونے والی تدریسی و تحقیقی سر گرمیوں اور طلباو طالبات کو دی جانے والی سہولیات اور اسکالر شپس کے حوالے سے بھی وفد کو آگاہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ جامعہ کراچی میں زیرِ تعلیم طلبہ کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنا میری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
علاوہ ازیں وفد نے ووکیشنل ٹریننگ شروع کرنے کے حوالے سے بھی بات چیت کی جس پر ڈاکٹر خالد عراقی نے وفد کو بتایا کہ جامعہ کراچی اگلے سیمسٹر میں ترکی زبان کے سرٹیفکیٹ اور ڈپلومہ کورسز کا آغاز کر سکتی ہے اور اس سلسلے میں ہمیں ترکی زبان کے ماہرین کی جلد از جلد فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ہر وقت سرٹیفکیٹ اور ڈپلومہ کورسز کے آغاز کو یقینی بنایا جاسکے ۔ وفد نے شیخ الجامعہ کو بتایا کہ اگلی ملاقات میں تمام دستاویزی کارروائی مکمل کرکے منظوری کے لیے پیش کردی جائے گی ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر شعبہ تصنیف و تالیف و ترجمہ جامعہ کراچی ڈاکٹر ندیم محمود بھی موجود تھے ۔