راچی : وفاقی اردو یونیورسٹی کے صدور شعبہ جات کا اجلاس شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر عارف زبیر کی زیرِ صدارت ہوا، اس موقع پر انھوں نے کہا کہ جامعات اچھا تعلیمی نظام ڈلیور کرنے کے لیے ہوتی ہیں ، جامعہ اردو کی ترقی اور تعلیم کے فروغ کے لیے اساتذہ اور انتظامیہ کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
ہمارے اساتذہ انتہائی محنت اور لگن سے طلبہ کو علم فراہم کر رہے ہیں مجھے امید ہے کہ اس میں مزید بہتری لائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ جامعہ اردو کے داخلہ ٹیسٹ مجلسِ اول ( صبح) پروفیسر ڈاکٹر محمد زاہد کی سربراہی میں منعقد ہوں گے اور یہ تمام عمل شفاف ہوگا۔
انھوں نے مزید کہا کہ جامعہ کے اساتذہ تحقیق میں بہترین کام کر رہے ہیں مگر اس میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ جامعہ کے رجسٹرار ڈاکٹر ساجد جہانگیر نے کہا کہ اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ نصاب کی تکمیل کے ساتھ ساتھ طلبہ کی ذہنی تربیت بھی کریں تا کہ وہ ذمہ دار شہری بن سکیں۔ اجلاس میں تمام شعبہ جات کے صدور نے شرکت کی ۔