جمعہ, 22 نومبر 2024


سعودی عرب میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے تعلیمی اداروے بند

سعودی خبر رساں ویب سائٹ کے مطابق وزیر تعلیم نے ملک بھر میں تمام نجی و سرکاری تعلیمی اداروں سمیت ٹریننگ انسٹی ٹیوشنز بھی پیر کے روز سے بند کرنےکا حکم دیا جو تا حکم ثانی بند رہیں گے۔سعودی وزارت تعلیم کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ 9 مارچ سے ملک بھر میں تمام تعلیمی سرگرمیاں، نجی و سرکاری تعلیمی ادارے، ایجوکیشن انسٹی ٹیوشنز اور ووکیشنل ٹریننگ سینٹرز بھی غیر معینہ مدت کے لیے بند رہیں گے۔
وزارت تعلیم نے اسکولوں کی تعطیلات کے دوران تعلیمی عمل کو جاری رکھنے کے لیے آن لائن اسکولنگ کی بھی ہدایات جاری کی ہیں اور اس کے لیے وزارت کی جانب سے پلیٹ فارم فراہم کیا گیا ہے جب کہ وزارت کے افسران کو اس سلسلے میں فوری طور پر کام شروع کرنے اور والدین کی تشیویش پر بھی جواب دینے کی ہدایات دی گئی ہیں۔سعودی وزارت تعلیم کا کہنا ہےکہ ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد متعلقہ کمیٹی نے یہ اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا۔
اس سے قبل سعودی وزارت داخلہ نے مشرقی صوبے قطیف سے 11 کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت صوبے کی مکمل ناکہ بندی کردی۔واضح رہےکہ سعودی عرب نے کورونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں عمرہ زائرین کے داخلے پرپابندی کے ساتھ اپنے شہریوں کے بھی عمرہ کرنے پر پابندی عائد کررکھی ہے جب کہ گزشتہ روز حرم شریف میں زائرین کو کورونا سے محفوظ رکھنے کو یقینی بنانے کی خاطر صفائی کی گئی اور جراثیم کش ادویات ڈالے گئے جس کی وجہ سے صحن شریف میں طواف کا عمل روک دیا گیا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment