جمعہ, 22 نومبر 2024


یونیسکو کے وفد ڈاکٹر احمد فہمی کی جامعہ کراچی میں ڈاکٹر عطاالرحمن، ڈاکٹر اقبال سے ملاقات

 ایمز ٹی وی (ایجوکیشن) اقوامِ متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم (یونیسکو) کے اعلیٰ وفد ڈاکٹر احمد فہمی نے ہفتے کو بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی اےس) جامعہ کراچی کا دورہ کیا ، اعلیٰ تعلیمی کمیشن پاکستان کے سابق سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن اور آئی سی سی بی اےس جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوھدری سے ملاقات بھی کی، یونیسکو کے وفد کے دورے کا مقصد آئی سی سی بی اےس جامعہ کراچی کو " یونیسکوسینٹر فار ایکسلینس کیٹیگری 2 انسٹی ٹیوٹ" قرار دیے جانے کے مشاہداتی عمل کو مکمل کرنا تھا ۔ ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیور میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ میں منعقدہ ایک خصوصی اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن نے ڈاکٹر احمد فہمی کو بین الاقوامی مرکز میں ہونے والی مثالی ترقی کے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا، انھوں نے کہا آئی سی سی بی اےس کیمیکل، بائیو لوجیکل اور بائیو کیمکل علوم میں دنیا کا بہترین ادارہ ہے، جامعہ کراچی نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ بین الاقوامی سطح پر اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کا معروف ادارہ ہے جبکہ بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم اس یونیورسٹی کے بہترین اعلیٰ تعلیمی و تحقیقی اداروں میں سے ایک ہے۔ ڈاکٹر احمد فہمی نے کہا یونیسکو کی جانب سے یہ دورہ دنیا کے اس معروف ادارے کو " یونیسکو سینٹر فار ایکسلینس کیٹیگری 2 انسٹی ٹیوٹ" قرار دیے جانے میں اہم کردار ادا کرے گا، انھوں نے کہا اس سلسلے میں یہ ادارہ پہلے ہی سے مشاہداتی مرحلے سے گزرچکا ہے۔

بعدِ ازاں ڈاکٹر احمد فہمی کے اعزاز میں بین الاقوامی مرکز میں ایک افطار ڈنر کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ایران، بنگلہ دیش، انڈونیشیا کے کونسلیٹ جنرل، پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن، پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوھدری، آئی سی سی بی اےس کی فیکلٹی سمیت دیگر معزیزین نے شرکت کی۔ ڈاکٹرمحمد اقبال چوھدری نے فیکلٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آئی سی سی بی اےس جلد ہی یونیسکوسینٹر فار ایکسلینس کیٹیگری 2 انسٹی ٹیوٹ کے مقام پر فائز ہوجائے گا، یونسیکو نے اپنا مشاہداتی عمل تقریباً مکمل کرلیا ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment