بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کو ”ماں سے بچوں کوکرونا وائرس کی منتقلی“ کے عنوان سے تحقیق کی مد میں معروف رفاہی تنظیم ’فیوچر ٹرسٹ‘ نے پندرہ لاکھ روپے کی رقم عطیہ کی ہے۔
آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق بین الاقوامی مرکز کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کو رقم کا چیک بین الاقوامی مرکز میں فیوچر ٹرسٹ کے آفیشل نے پیش کیا۔
اس موقع پر پروفیسر اقبال چوہدری نے ٹرسٹ کے آفیشل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فیوچر ٹرسٹ اُن چند رفاہی تنظیموں میں سے ایک ہے جس نے یہ درک کیا ہے کہ میڈیکل ریسرچ ہی دراصل موجودہ عالمی وباء کا دیرپاء حل ہے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مرکز چاہتا ہے کہ فیوچر ٹرسٹ کے ساتھ مستقبل میں بہتر ورکنگ ریلشن قائم ہوں۔اس حوالے سے فیوچر ٹرسٹ کے آفیشل کا کہنا ہے کہ ہمیں پاکستانی ماحول میں ’ماں سے بچوں کوکرونا وائرس کی منتقلی کے متعلق حقائق جاننے کی ضرورت ہے تاکہ ملک میں انفیکشن کاپائیدار حل دریافت ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مرکز کے ساتھ کام کرکے یہ موقع حاصل ہوسکتا ہے کہ ہم یہ جان سکیں کہ کس طرح پاکستان میں وائرس پھیل رہا ہے۔
واضح رہے کہ فیوچر ٹرسٹ دراصل جے ایس بینک کی قائم کردہ ایک رفاہی تنظیم ہے جس کا مقصد ٹیکنالوجی اور انوویشن کے فروغ کے ذریعے ملک سے غربت کا خاتمہ ہے۔