کراچی: این ای ڈی یونیورسٹی میں ٹیکنالوجی پارک اور غیر رسمی تعلیم حاصل نہ کرنے والے بچوں کے لئےسندھ حکومت نے پروگرام ترتیب دیا ہے۔
بجٹ دستاویز کے مطابق اس حوالے سے این ای ڈی یونیورسٹی میں ٹیکنالوجی پارک بنایا جارہا ہے کیونکہ یہ معلوماتی معیشت کا دور ہے۔ ترقی یافتہ قومیں فنی تعلیم اور ریسرچ کے فروغ کے لئے سرمایہ کاری کر رہی ہیں جسے مد نظر رکھتے ہوئے حکومت سندھ نے این ای ڈی یونیورسٹی کراچی میں ٹیکنالوجی پارک بنانے کا ارادہ کیا ہے ۔
غیر رسمی تعلیم ایک انتہائی اہم منصوبہ ہے جس کے تحت اسکولوں میں نہ پڑھنے والے 40 لاکھ بچوں کو تیز رفتار تعلیمی پروگرام کے ذریعے رسمی تعلیمی نظام میں لایا جائے گا۔
بجٹ تقریر میں کہا گیا ہے کہ ملیر ایکسپریس وے ، ٹی پی ون پر ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ،کراچی میں اربن روڈز کے لئے اقدامات، دھابیجی اسپیشل اکنامک زون اور این ای ڈی یونیورسٹی میں ٹیکنالوجی پارک کے پروجیکٹس صوبے کے لئے خاطر خواہ سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے کا باعث بنیں گے جبکہ دوسری طرف ان کے مثبت اثرات کی وجہ سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، ٹیکس ریونیو بڑھے گا اور سندھ کے لوگوں کا معیار زندگی بلند ہوگا۔
کورونا وائرس کی وبا کے معیشت پر پڑنے والے اثرات کو دیکھتے ہوئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ مالی رکاوٹوں اور وسائل کی کمی کو ختم کرنے کے لئے واحد اور پائیدار حل پیش کرتی ہے۔