لاہور: پنجاب حکومت نے نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کا 6ماہ کے لئے مختصر نصاب جاری کردیا۔ اعلان کردہ شیڈول کے مطابق15 ستمبر سے تعلیمی سال کا آغاز کرنے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں
جس کے مطابق نویں او ردسویں جماعت کے گیارہ مضامین کے مختصر باب اور صفحات نمبرز جاری کئے گئے ہیں جن کو مزید چھ ماہ پڑھانے کے بعدانہی میں سے امتحانات لئے جائیں گے۔ 11 کتابوں میں اردو، انگریزی، حساب (سائنس و آرٹس) ،اسلامیات، مطالعہ پاکستان، فزکس، کیمسٹری، بیالوجی، کمپیوٹر سائنسز اور جنرل سائنس شامل ہیں۔
ہوم ورک اور اسکول ورک کو علیحدہ سے جاری کیا گیا ۔نویں جماعت کی انگریزی کی پاکستان اسٹڈی متنازعہ ہونے کی وجہ سے شائع نہیں ہوسکی اوراس کے صفحات کو بھی نصاب کا حصہ بنایاگیاہےجس سے طلبہ اور اساتذہ میں تشویش ہے کہ تیاری کس کتاب سے ہو گی۔
دوسری جانب پنجاب ٹیچرز یونین کے جنرل سیکرٹری رانا لیاقت نے کہا محکمہ تعلیم بچوں کا نقصان نہ کرے کیونکہ ہمارے ٹیچرز کے اندر یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ ایک سال کا نصاب ان چھ ماہ کے اندر ختم کروا سکتے ہیں اس طرح نویں جماعت کا مختصر نصاب پڑھنے والے طالب علم کو دسویں جماعت اور دسویں جماعت کے طالب علم کو گیارہویں جماعت کانصاب پڑھنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑیگا۔