کراچی : جامعہ اردو میں وائس چانسلرکےانتخاب کےلئے15 امیدوار شارٹ لسٹ کرلیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق جامعہ اردومیں قائم تلاش کمیٹی نے پہلے مرحلے کے انٹرویو کے بعد وائس چانسلر کے انتخاب کے لئےسلسلے میں 15 امیدواروں کے انٹرویوز بدھ اور جمعرات تک کمیٹی کے کنوینر زوہیر اشیر کی زیر صدارت جاری رہی جب کہ شارٹ لسٹ کیے گئے 15 امیدواروں کو دوبارہ انٹرویو کے لیےگزشتہ روز بلایاگیا ۔
شارٹ لسٹ کئےگئے 15 امیدواروں میں جامعہ اردو کے موجودہ قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر روبینہ مشتاق، سابق قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر عارف زبیر، جامعہ کراچی کی پروفیسر ڈاکٹر بلقیس گل ، قائد اعظم یونیورسٹی کے ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری،، اسپا کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد قریشی ، ڈاکٹر احمد قادری، ڈاکٹر ماجد ممتاز ، ڈاکٹر عرفان انجم مناوری ، ڈاکٹر عارف کمال، ایچ ای جے کے ڈاکٹر خالد خان، غلام قمبر ، پیرزادہ جمال، اظہر عطا ، قادر بخش اور محمود احمدشامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے حال ہی میں وائس چانسلر کے عہدے سے سبکدوش ہونے والے ڈاکٹر محمد علی شیخ انٹرویو کے بعد شارٹ لسٹ امیدواروں میں شامل نہیں کیے گئے۔
یاد رہے کہ تلاش کمیٹی کوجامعہ اردوکے وائس چانسلر کے انتخاب کے لیے 90 سے زائد درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ جن میں سے اسکروٹنی کے بعد 61 امیدواروں کو انٹرویو کے لیے بلایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ یونیورسٹی کی سینیٹ نے ایک عدالتی حکم پر فی الحال وائس چانسلر کی تقرری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور صرف انٹرویوز کا مرحلہ مکمل کرکے 5موزوں نام سینیٹ کو بھجوائے جائیں گے۔