حیدرآباد : گورنمنٹ کالج یونی ورسٹی حیدرآباد میں اینٹی ڈرگ اینڈ ٹوبیکو کمیٹی کے تحت ہفتہ انسدادِ منشیات مہم منایا جارہا ہے۔ مہم کا آغاز وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طیبہ ظریف نے کیا۔
افتتاحی تقریب تاریخی اسمبلی ہال کے سامنے منعقد ہوئی۔ منشیات کی روک تھام اور شعور و آگہی کے لیے طلبہ نے پوسٹرز تیار کر رکھے تھے جن پر مختلف نشہ آور اشیاء اور ان کے استعمال سے پہنچنے والے نقصانات کی تصویر کشی کی گئی تھی۔ طلبہ نے اس حوالے سے وائس چانسلر، اساتذہ، عملے اور طلبہ کو بریف کیا۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طیبہ ظریف نے مہم اور طلبہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ منشیات کے عادی افراد کی وجہ سے پورے پورے معاشرے تباہ و برباد ہوجاتے ہیں اس ناسور کے خاتمے کے لیے انفرادی اور اجتماعی دونوں سطح پر بھرپور کوشش کرنا چاہیے۔
انھوں نے طلبہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آپ منشیات کے خلاف ہمارے سفیر ہیں۔ جس طرح آپ نے اپنے آپ کو اس لعنت سے محفوظ کیا ہوا ہے اسی طرح اپنے اردگرد ماحول کو اس گندگی سے محفوظ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ کونسلنگ کریں۔ غیر نصابی سرگرمیاں بالخصوص کھیل کود میں بھرپور حصہ لیں۔ جی سی یونیورسٹی حیدرآباد میں تمام سہولیات موجود ہیں ان سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
اس موقع پر اینٹی ڈرگ اینڈ ٹوبیکو کمیٹی کے کنویئر پروفیسر ڈاکٹر مخدوم محمد روشن صدیقی، کمیٹی اراکین، سینیئر پروفیسرز، صدور شعبہ جات اور انتظامی افسران بھی موجود تھے۔