کراچی: کے الیکٹرک کے زیرِ اہتمام منعقدہ”کراچی ایوارڈز“کی کٹیگری سسٹینی بیلیٹی اینڈانوارمنٹ میں جامعہ این ای ڈی نےپہلاایوارڈحاصل کرلیا۔
ڈین الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر سعد قاضی کاکہنا تھا کہ ہم نے جامعہ میں ماحول دوست اقدامات اپنا کر انفرادی سطح پربتایا ہے کہ یہ اقدامات اجتماعی سطح پر بھی سود مند ہیںاور شہربھر کے مختلف اسکول کالجزاور ادروں کواس پروجیکٹ میں شامل کیا تاکہ اس کے بہتر اثرات تمام شہر پر مرتب ہوسکیں۔
اس موقعے پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے کے الیکٹرک کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے بتایا کہ 2021 میں کاربن فُٹ پرنٹ کی تخفیف اور این ای ڈی یونی ورسٹی کے مکمل3 میگا واٹ پاور لوڈ کو بھی جلد سولر پر لے جاناہمارا اصل ہدف ہے۔
جامعہ ترجمان کے مطابق2021 جامعہ میں کاربن فُٹ پرنٹ کی تخفیف کے ذریعے، ہر جمعے مد ارتھ ڈے منایا جانا، جامعہ کو کاربن نیوٹرل بنانے کی کوششوں کے تحت سولرازیشن،متبادل ذرائع توانائی کی جانب رجحان کی منتقلی، میاواکی تکنیک کے استعمال کے ذریعے محدود جگہ پردس اربن فارسٹ کی تشکیل، آلودہ اور وضو کے پانی کی ری سائیکلنگ سمیت تھر موبیلٹی پروجیکٹ کی بنیاد پر این ای ڈی یونی ورسٹی نے یہ ایوارڈ حاصل کیا ہے۔
یاد رہے کہ سو ایکٹر پر محیط جامعہ این ای ڈی میں اس وقت آٹھ ہزار سے زائد درخت ہیں جو ماحول کو خوش گوار بنارہے ہیں