کراچی: آئی بی اے کراچی نے راوں سال فال 2021 سمیسٹرکے داخلوں کے لئے2سالہ ماسٹر آف سائنس ڈویلپمنٹ اسٹڈیز پروگرام کا اجراء کردیاجو مجموعی طور پر 30 کریڈٹ آورزپرمشتمل ہوگا۔
یہ پروگرام، اسکول آف اکنامکس اینڈ سوشل سائنسز کے زیر اہتمام ڈیزائن کیا گیا ہے اور محکمہ معاشیات اور محکمہ سوشل سائنسز اور لبرل آرٹس کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔یہ کثیر الانضباطی پروگرام ترقی کے نظریہ اور طریقوں کے تنقیدی موضوعات کی کھوج کریگا ہے اور معاشروں کے ارتقا میں ترقیاتی عمل کومتعارف کرائے گا۔
ایم ایس ڈویلپمنٹ اسٹڈیز اعلیٰ معیاری تعلیم کی فراہمی اور طلباء کی تربیتی عمل میں معاونت کے ساتھ ترقی سے منسلک طریقہ کار اور پالیسی سے آگہی فراہم کریگا۔ یہ پروگرام کثیر الشعبہ معاشرتی سائنس کے ارتقائی نظریے، مقداری طریقوں اور معاشرتی نشوونما کے مختلف شعبوں میں کام آنے والی ایپلی کیشنز کی بنیاد ڈالنے میں بھی مدد دیگا۔ڈین، اسکول آف اکنامکس اینڈ سوشل سائنسز، ڈاکٹر اسماء حیدر نے پروگرام کی وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ پروگرام طلباء کو ترقیاتی نظریہ اور عمل کے اہم موضوعات کی کھوج اور تاریخی تناظر کو حالیہ پیشرفتوں سے جوڑنے کا ذریعہ ثابت ہوگا۔ہمارہ مقصد طلبعلموں کی تربیت کے ذریعے انہیں بااختیار بنانا ہے تاکہ وہ مستقبل میں مقامی برادریوں کے لئے تبدیلی اور مثبت بدلاو کا باعث بن سکیں۔
پروگرام کے اجراء کے موقع پر آئی بی اے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، ڈاکٹر ایس اکبر زیدی نے کہاکہ ترقیاتی مطالعات ایک ایسی پالیسی بحث ہے جس میں معاشرے کی تاریخ، ماحولیات، ثقافت، ٹیکنالوجی اور سیاست کے لحاظ سے غور کیا جاتا ہے۔ ان عوامل سے پیدا ہونے والے اختلافات کی آگہی سے معاشرتی نشوونما اور طریقوں کی حکمت عملیوں کومرتب کرنا اس پروگرام کے مقاصد میں شامل ہے جس کی تکمیل کے لئے عمدہ فیکلٹی اورجدید انفراسٹرکچر کوبروئے کار لیا جائے گا۔
ڈاکٹر زیدی نے روشنی ڈالی کہانے والے دنوں میں یہ پروگرام دوسری یونیورسٹیوں کے لئے ایک نیا معیار قائم کرے گا۔اس پروگرام سے فارغ التحصیل افراد تحقیقی اداروں، سرکاری شعبوں، ترقیاتی ایجنسیوں، بین الاقوامی تنظیموں، اور پالیسی سے متعلق تھنک ٹینکوں میں اپنے کیریئر کا انتخاب کرپائیں گے۔ڈویلپمنٹ اسٹڈیز پروگرام کے اضافے کے ساتھ، آئی بی اے کراچی 6 انڈرگریجویٹ اور 3 پوسٹ گریجویٹ پروگراموں کے ساتھ ساتھ 10 گریجویٹ پروگرام میں داخلہ فراہم کر رہا ہے۔