کراچی: جامعہ کراچی نے 12 دسمبر 2021 ء کو ہونے والے داخلہ ٹیسٹ کے نتائج جاری کردیئے۔
انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اخترکے مطابق تعلیمی سال 2022 ء کے ڈاکٹر آف فارمیسی،ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی،بی ای،بی ایس اور بی ایڈ(آنرز) پروگرام کے لئے ہونے والے داخلہ ٹیسٹ کے نتائج جاری کردیئے گئے ہیں۔طلبہ نتائج اپنے پورٹل پر دیکھ سکتے ہیں جبکہ حتمی داخلہ فہرست26 دسمبر کو جاری کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ایسے طلباوطالبات جن کو تاحال انٹرمیڈیٹ کی مارکس شیٹ موصول نہیں ہوئی ان طلبہ کی سہولت کے پیش نظر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی ہدایت پر داخلہ کمیٹی کی جانب سے طلبہ کے نتائج کی تصدیق کے لئے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی کو خط ارسال کردیا گیا ہے تاکہ ان کے نتائج کو بھی حتمی داخلہ فہرست میں شامل کیا جاسکے اور اس کے ساتھ ساتھ حتمی داخلہ فہرست جاری کرنے کی تاریخ 19 دسمبر کے بجائے 26 دسمبر2021 ء کردی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ اس سے مستفید ہوسکیں اورمیرٹ کی بنیاد پر جاری ہونے والی حتمی فہرست کا حصہ بن سکیں۔
علاوہ ازیں شعبہ ویژول اسٹڈیز کی داخلہ فہرست بھی اب 19 کے بجائے 26 دسمبر 2021 ء کو جاری کی جائے گی۔دریں اثناء اوپن میرٹ کی بنیاد پر ہونے والے داخلوں کے لئے فارم جمع کرانے کی تاریخ میں بھی 28 دسمبر 2021 ء تک توسیع کردی گئی ہے تاکہ داخلہ ٹیسٹ کی بنیاد پر ہونے والے داخلوں سے محروم رہ جانے والے طلبہ بروقت اوپن میرٹ کی بنیاد پر اپنا داخلہ فارم جمع کراسکیں