کراچی: جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی اسٹوڈنٹ کونسل کی فیتھ سوسائٹی نےحکمت انسٹیٹیوٹ اور الایمان انسٹی ٹیوٹ کے اشتراک سے2 روزہ سالانہ یوتھ سمٹ کا انعقاد کیا جس میں طلباء کو صلاحیتوں ،اعتماد سازی اور بنیادی اسلامی اقدار کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔
اس حوالے سے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نےاسٹوڈنٹ کونسل کو سراہا اور کہا کہ ہماری قومی اور بین الاقوامی مسلم کمیونٹی کے رہنماؤں کو نوجوانوں کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے انہیں قیمتی وسائل کے طور پر دیکھنا ہوگا، نوجوان کسی بھی ملک کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں،ترقی یافتہ ممالک نے نوجوانوں کو معیاری تعلیم دیکر ہی ترقی کے منازل طے کیے۔سمٹ میں رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان، چیئرمین اسٹوڈنٹ کونسل پروفیسر ڈاکٹر کیفی اقبال اور ایڈیشنل ڈائریکٹر پروفیشنل ڈیولپمنٹ سینٹر ڈاکٹر سیدہ زرین رضا نے شرکت کی اور اسٹوڈنٹ کونسل کی کاوشوں کو سراہا۔
مینجمنٹ کنسلٹنسی فرم کے بانی اور سی ای او شاہ زیب اعجاز نے مسلم نوجوانوں کی شناخت کے لازمی جزو’’حیا‘‘ پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نوجوانوں کو سوشل میڈیا پر گردش کرتے بے ہودہ مواد سے خود کودور رکھنا چاہیے، اپنی مذہبی روایات پر قائم رہنا اور خود کو عملی مسلمان بننے کی ترغیب دینا چاہیے اور اپنا قیمتی وقت دین کو سمجھنے اور سیکھنے میں لگانا چاہیے۔
سمٹ کے دوران اسحاق بن صادق کی طرف سے مستقبل کے لیڈرز اور حیدر قیصر کی جانب سے سوشل میڈیا کے رجحانات کے اثرات کے بارے میں گفتگو کی گئی۔ سیشن کی نظامت ایم بی بی ایس کے چوتھے سال کے طالب علم محمد حسن نے کی، کانفرنس کے اختتام پر، منتظمین نے اسپانسرز حکمت انسٹی ٹیوٹ اور الایمان انسٹی ٹیوٹ کا تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔سالانہ یوتھ سمٹ میں طلباء کے لیے کتابیں اور کھانے کے اسٹالز جیسی سرگرمیاں بھی شامل تھیں